ڈی سی کشمور کا اناج منڈی اور کھاد سینٹر کادورہ ،عملے پربرہم

193

کندھکوٹ(نمائندہ جسارت) ڈپٹی کمشنر کشمورمنور علی مٹھیانی نے کندھکوٹ شہر، اناج منڈی اور زرعی کھاد سینٹرز کا دورہ کیا۔ تاجروں کو زرعی کھاد حکومت کی جانب سے جاری کردہ نرخوں کے مطابق فروخت کرنے کی ہدایت۔ اناج منڈی میں صفائی کے عمل کو تیز کیا جائے۔ ڈپٹی کمشنر کی مارکیٹ کمیٹی افسران اور عملے سے اظہار برہمی۔ تفصیلات کے مطابق، ڈپٹی کمشنر کشمور صفائی اور زرعی کھاد کا جائزہ لینے کے لیے کندھ کوٹ شہر اور زرعی ادویات سینٹر اور اناج منڈی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے میونسپل افسران کو ہدایت کی کہ وہ ہیبت روڈ اور شہر کے دیگر راستوں پرکھلے مین ہولوں پر ڈھکن لگائیں تاکہ کوئی روڈ حادثہ نہ ہو اور اس کے ساتھ ساتھ شہر بھر کی صفائی کے لیے بہتر اقدامات کیے جائیں۔زرعی دکانوں پر پہنچ کر دکاندار اور تاجروں کو ہدایت کی کہ وہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ نرخوں کے مطابق زرعی کھاد فروخت کریں ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔اس کے بعد ڈپٹی کمشنر اناج منڈی کا دورہ کیا صفائی نہ ہونے پر مارکیٹ کمیٹی کے متعلقہ عملے سے اظہار برہمی۔اس پر مارکیٹ کمیٹی افسران کا کہنا تھا کہ تاجروں کی جانب سے ٹیکس کی عدم وصولی ایک بڑا مسئلہ ہے جسے جتنا جلد ہوسکے حل کروایا جائے۔ تاکہ صفائی کے عمل میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ نہ ہو۔