وزیراعظم اور ان کی پوری ٹیم نااہلوں کا ٹولہ ہے،جاوید قصوری

129

لاہور (وقائع نگار خصوصی )امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ ملک و قوم کو درپیش مسائل سے صرف اور صرف جماعت اسلامی کی صالح اور باکردار پڑھی لکھی اور محب وطن قیادت ہی نکال سکتی ہے۔ وزیر اعظم عمران خان اور ان کی پوری ٹیم نا اہلوں کا ٹولہ ہے جس کو ملک و قوم کو درپیش حقیقی مسائل کا ٹھیک طرح سے ادراک ہی نہیں ہے۔ دوست ممالک بھی ناراض ہیں جس کا واضح ثبوت،ایک دوست عرب ملک کی طرف سے 3.8فیصدمنافع پر ادھار تیل اور 4فیصد منافع پر مالی سپورٹ کا معاہدہ ہے جوکہ سخت ترین ہے، حکومت پاکستان اگر سود ادا نہیں کرتی تووہ پاکستان کو ڈیفالٹر ڈیکلیئر کر سکتا ہے۔ سرمایہ کار پاکستان آنے سے گھراتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور سمیت پورا صوبہ لاقانونیت کی بھینٹ چڑھ چکا ہے۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی گڈ گورننس محض اخباری بیانات کی حد تک محدود ہو کر رہ گئی ہے۔ صوبائی انتظامیہ کو کسی کا کوئی ڈر،خوف نہیں اور وہ کسی کے سامنے بھی خود کو جواب دہ نہیں سمجھتی ہے۔ صوبے میں جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا قانون رائج ہے۔ ڈکیتی، راہزنی، چوری اور قتل و غارت کی وارداتوں میں ہو شر با اضافہ ہوچکا ہے۔لوگوں کو دن دیہاڑے لوٹ لیا جاتا ہے اور انہیں کسی قسم کا کوئی تحفظ نہیں حاصل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو درپیش مسائل میں دن بدن اضافہ ہوتا چلا جارہا ہے۔ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والا ہر شخص سراپا احتجاج ہے۔ مگر حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے پاکستان کی عزت و وقار اور سلامتی کو خطرات سے دوچار کردیا ہے۔ خود انحصاری، خود مختاری اور عزت کا درس دینے والے آج خود ہی کشکول لے کر دنیا بھر میں گھوم رہے ہیں۔