ٹنڈوالہیار ،آل پاکستان لوکل گورنمنٹ کا احتجاج ،دفتر کے سامنے دھرنا

185

ٹنڈوالٰہیار(نمائندہ جسارت)آل پاکستان لوکل گورنمنٹ ورکرز فیڈریشن ٹنڈوالٰہیار کے زیر اہتمام مطالبات کے حق میں دفاتر کی تالا بندی کرکے کام چھوڑ ہڑتال، احتجاجی سلسلہ جاری ، میونسپل دفتر کے سامنے احتجاجی دھرنا، نعرے بازی مطالبات منظور ہونے تک احتجاجی سلسلہ جاری رکھنے کا اعلان،بالا حکام سے بلدیاتی ملازمین کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کا نوٹس لینے کا پرزور مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق سندھ کے دیگر شہروں کی طرح ٹنڈوالٰہیارمیں بھی آل پاکستان لوکل گورنمنٹ ورکرز فیڈریشن ٹنڈوالٰہیار کی جانب سے مطالبات کے حق میں دوسرے روز بھی دفاتر کی تالا بندی کرکے کام چھوڑ ہڑتال کی گئی اور میونسپل کمیٹی کے دفتر کے باہردھرنا دیکر فلک شگاف نعرے بازی کی دھرنے کی قیادت آل پاکستان لوکل گورنمنٹ ورکرز فیڈریشن کے رہنما عاشق حسین زرداری، جلیل بلوچ اور دیگر کررہے تھے۔ اس موقع پر مذکورہ رہنمائوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے بلدیاتی ملازمین کے مسائل حل نہ ہونے کی وجہ سے ملازمین میں شدید بے چینی کی لہر دوڑ رہی ہے ہمارے پر امن احتجاج کے باوجود ہمارے مطالبات تسلیم نہیں ہورہے ہیں ملازمین کراچی سے کشمور تک عوام کی خدمت کررہے ہیں لیکن ان کے مسائل حل ہونے نہیں کیے جارہے ہیں جو سراسر ظلم و زیادتی ہے۔ رہنمائوں نے مزید کہا کے ہمارے احتجاج کے بعد سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے یقین دہانی کرائی تھی کہ تنخواہیں اور پنشن آن لائن ٹریثری کرائیں گے لیکن اس پر بھی عملدرآمد نہیں ہوا جس پر دلبرداشتہ ہوکر دفاتر کی تالا بندی اور کام چھوڑ احتجاج پر مجبور ہوگئے ہیں۔ رہنمائوں نے بالا حکام سے بلدیاتی ملازمین کے ساتھ ہونی والی ناانصافیوں کا نوٹس لے کر ملازمین کے جائز حقوق فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں بصورت دیگر حالات کی تمام ذمے داری متعلقہ محکموں پر عائد ہوگی۔