ماتلی،سندھ بینک نے میونسپل کمیٹی اکائونٹ سیل کردیا

451

ماتلی(نمائندہ جسارت) اسسٹنٹ کمشنر انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ ودھ ہولڈنگ ٹیکس زون8 حیدرآباد کے لیٹر پر سندھ بینک ماتلی برانچ کی انتظامیہ نے میونسپل کمیٹی کا اکائونٹ سیل کر دیا ہے۔ جون 2021ء میں بھی اکائونٹ سیل کیا گیا تھا اور 41 لاکھ روپے انکم ٹیکس کی مد میں جمع کرانے کے بعد بحال کیا گیا تھا۔ذرائع کے مطابق انکم ٹیکس صرف میونسپل کی جانب سے کرائے جانے والے ترقیاتی اسکیموں پر خرچ ہونے والی رقوم پر عائد ہوتا ہے۔میونسپل ماتلی کو ضلع آکٹرائے ٹیکس کی مد میں ماہانہ ایک کروڑ 45 لاکھ روپے ملتے ہیں۔قسط کی اس رقم میں سے ایک کروڑ 22 لاکھ روپے ملازمین کو تنخواہ اور تقریباً 5 لاکھ روپے فیول کی مد میں اور ریٹائرڈ ملازمین کو پنشن اور گریجویٹی کی مد میں 15 کروڑ دینے کے بعد میونسپل کو ماہانہ بمشکل 3 لاکھ روپے باقی بچتے ہیں۔ذرائع کے مطابق کرائے جانے والے ترقیاتی فنڈ سے ساڑھے سات فیصد کے حساب سے انکم ٹیکس لگتا ہے لیکن انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ میونسپل ماتلی کو ملنے والی مکمل ماہانہ قسط پر انکم ٹیکس عائد کر کے اس کی وصولی کرتی ہے۔یہ سلسلہ گزشتہ کئی برسوں سے جاری ہے۔ذرائع کے مطابق نے 2016ء میں بھی انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ کی جانب سے اس طرح اکائونٹ سیل کرا کر اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے میونسپل کے اکائونٹ سے 2 کروڑ روپے وصول کر لیے تھے۔ماتلی کے شہری و سماجی حلقوں میونسپل ماتلی انکم ٹیکس کی بقایاجات کی وصولی کی ایماندارانہ چھان بین کرا نے کی اپیل کی ہے۔