ٹنڈومحمد خان ،تجاوزات کی بھرمار،پیدل چلنا دشوا ر ہوگیا

341

ٹنڈومحمدخان (نمائندہ جسارت) تجاوزات کی بھر مار ، شاہی بازار میں دکانداروں نے کئی کئی فٹ پر قبضہ کر لیا ، شاہی بازار ودیگر کاروباری علاقے اور سڑکیں تنگ گلیوں کا منظر پیش کرنے لگیں ، انتظامیہ نے آنکھیں بند کرلیں ، ٹریفک جام روز کا معمول بن گیا ، سیاسی وسماجی حلقوں کی جانب سے تجاوزات کیخلاف فوری آپریشن کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق ٹنڈومحمدخان کے مختلف علاقوں شاہی بازار ، بان بازار ، انجام منڈی ، سبزی منڈی ، اسٹیشن روڈ ، سیر ت النبی چوک ودیگر علاقوں میں دکانداروں کی جانب سے کئی کئی فٹ کے تجاوزات قائم کرنے اور دکانوں کا سامان سڑکوں پر رکھے جانے کے باعث بازار و سڑکیں تنگ گلیوں کا منظر پیش کرنے لگی ہیں ، جس کے باعث شہریوں کو سخت دشواری کا سامنا ہے ، ٹریفک پولیس کی جانب سے غلط پارکنگ کو نہ روکنے کے باعث ٹریفک جام ہونا روز کا معمول بندگیا ہے ، کئی کئی گھنٹے ٹریفک جام ہونے کے باعث شہری اذیت سے دو چار ہیں۔ دوسری جانب سیاسی وسماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ شاہی بازار میں دکانداروں کی جانب سے کئی کئی فٹ کے تختے لگائے جانے اور دکان کا سارا سامان سڑک پر رکھنے کے باعث بازار سے خواتین کا خریداری کرنا بھی ناممکن ہوگیا ہے ، دوسری جانب ٹنڈومحمدخان شہر کی ایوبیہ بس اسٹاپ سے اسٹیشن تک کی سڑک بھی تنگ گلی کا منظر پیش کرنے لگی ہے ، جس کے باعث عوام میں تشویش پائی جارہی ہے ، سیاسی وسماجی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹنڈومحمدخان شہر کے مختلف علاقوں شاہی بازار ، بان بازار ، سبزی منڈی ، اناج منڈی سمیت ایوبیہ بس اسٹاپ سے ریلوے اسٹیشن کی شاہراہ کو تجاوزات سے پاک کیا جائے تاکہ شہر میں ٹریفک جام کے مسائل حل ہوسکیں۔