نوشین کاظمی مبینہ خودکشی کیس میں اہم انکشافات، ڈائری بھی مل گئی

170

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت ) لاڑکانہ میں میڈیکل اسٹوڈنٹ ڈاکٹر نوشین کاظمی کیس میں اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔ چانڈکا میڈیکل کالج میں ہاسٹل میں مبینہ طور پر خودکشی کرنے والی طالبہ نوشین کاظمی کی ڈائری ملی ہے جس میں انہوں نے کچھ گھریلو مسائل بھی بیان کیے۔نوشین کے کمرے سے ملنے والی ڈائری میں موجود تحریریں رومن اردو میں لکھی گئی ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر نوشین گھر کے ایک اہم فرد سے متعلق والد کو آگاہ کرنا چاہتی تھی۔
نوشین کاظمی نے ڈائری کے ایک صفحے میں لکھا کہ بابا میں آپ کو کچھ بتانا چاہتی ہوں، بھائی کو بھی معلوم ہے۔ڈاکٹر نوشین کی ہلاکت کے معاملے میں روم میٹ زینب پٹھان کے مطابق نوشین نہایت کم گو اورتنہائی پسند اسٹوڈنٹ تھی، وہ لڑکیوں سے نہ گھلتی ملتی تھی نہ ہی زیادہ بات کرتی تھیں۔زینب پٹھان نے ڈی آئی جی لاڑکانہ مظہر نواز کی سربراہی میں قائم جی آئی ٹی کو اپنا بیان ریکارڈ کرا دیا ہے۔واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے چانڈکا میڈیکل کالج لاڑکانہ میں میڈیکل کی طالبہ نے مبینہ طور پر خودکشی کر لی تھی۔