سپریم کورٹ نے تھرکول منصوبہ کرپشن کیس نیب کو بھیج دیا

151

اسلام آباد(خبر ایجنسیاں)سپریم کورٹ نے تھرکول منصوبہ کرپشن کیس تحقیقات کیلیے نیب کو بھجوا دیا۔سپریم کورٹ نے ہدایت کی کہ چیئرمین نیب آڈیٹر جنرل رپورٹ کا جائزہ لیکر ابتدائی رپورٹ تین ماہ میں پیش کریں، نیب سرکاری فنڈز کی خوردبرد میں ملوث افراد کیخلاف کارروائی کرے، تھر کے لوگ بنیادی سہولیات اور پینے کے پانی کو ترس رہے ہیں، ٹھٹھہ، منوڑا اور
سجاول کے حالات بھی اچھے نہیں۔چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ سمیت کسی سرکاری عہدیدار کی معاملے میں کوئی دلچسپی نہیں، سارا پیسا ایک اکاؤنٹ سے نکل کر دوسرے میں چلا گیا اسی لیے دلچسپی نہیں، آڈیٹر جنرل کی رپورٹ کی سفارشات اور نتائج کی روشنی میں سندھ حکومت نے کوئی ایکشن نہیں لیا، رپورٹ چیئرمین نیب کو بجھوا دیتے ہیں، چیئرمین نیب رپورٹ کو دیکھیں کہ کیا کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال کا کیس بنتا ہے۔سپریم کورٹ نے کہا کہ رپورٹ کے مطابق ترقیاتی اور فلاحی منصوبوں کے فنڈ کا استعمال شفاف انداز میں نہیں ہوا، نہ آر او پلانٹ ضرورت کے مطابق قائم ہوئے نہ ہی پینے کا صاف پانی دستیاب ہے، واٹر فلٹریشن پلانٹ کیلیے سولر پاور جنریشن پلانٹ بھی قائم نہ ہوسکے، موبائل ایمرجنسی ہیلتھ یونٹ کی سہولت بھی فراہم نہیں کی گئی، اسپیشل ترقیاتی پیکیج کے فنڈ کا بھی غلط استعمال ہوا، سندھ حکومت نے آڈیٹر جنرل کی رپورٹ پر کوئی ایکشن نہیں لیا، بظاہر ترقیاتی اور فلاحی فنڈز میں خورد برد اور بے ظابطگیاں ہوئیں، سندھ حکومت کو اس سارے معاملے کی کوئی پروا نہیں، بظاہر ترقیاتی فلاحی منصوبے فعال نہیں ہوئے۔عدالت نے مزید سماعت تین ماہ کیلے ملتوی کر دی۔