سندھ لوکل گورنمنٹ بل مسترد ، جماعت اسلامی کا عدالت جانے کا اعلان

108

 

 

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ نے سندھ لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل 2021ء کو آئین سے متصادم اور مفاد عامہ کے برعکس قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے‘ احتجاج اور عدالت جانے کا اعلان، 3دسمبر کو سندھ بھر میں یوم سیاہ منایا جائے گا۔ امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سندھ لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل 2021 کو آئین سے متصادم اور جمہوریت کی دعویدار پیپلز پارٹی نے عددی اکثریت پرآئین کو بلڈوز کرتے ہوئے بل منظور کیا ہے جس کی جماعت اسلامی بھرپور مذمت کرتی ہے سندھ حکومت کے اس کالے قانون،آئین شکن اور عوامی دشمن فیصلے کے خلاف جماعت اسلامی بھرپور تحریک چلائے گی،اس حوالے سے پہلے مرحلہ میں جمعہ 3 دسمبر کو صوبہ بھر میں یوم سیاہ منایا جائے گا جبکہ 12 دسمبر کو کراچی میں عوامی مارچ کیا جائے گا۔صوبائی امیر کا کہنا تھا کہ آئین کی
شق نمبر-A 140میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ لوکل گورنمنٹ بنانے کا مقصد منتخب نمائندوں کو سیاسی،انتظامی اور مالی طور اختیارات منتقل کرنا ہے،مگربدقسمتی سے پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت نے سندھ لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل 2021 میں پیدائش،فوتگی سرٹیفکیٹ،بنیادی صحت کے مراکز،بڑے اسپتال، ہیلتھ ڈسپنسری، فرسٹ اینڈ میڈیکل ایڈ،پرائمری تعلیم اور ویکسینیشن،بیسک ہیلتھ سینٹر کے اختیارات تک چھین لیے ہیںجبکہ واسا،عباسی اسپتال،کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج بھی سندھ حکومت نے اپنے قبضے میں لے لیے ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے قیادت کی تیاری اورمخلص لوگوں کوعوام کی خدمت کا موقع ملتا ہے مگرجمہوریت کے دعویدارحکمرانوں کا بلدیاتی اداروں کے آئینی اختیارات سلب کرکے بیوروکریسی کے حوالے کرنا عوامی حقوق پر بھی ڈاکہ مارنے کے مترادف ہے جس سے کرپشن کے نئے دروازے کھلنے کے خدشات ہیں۔صوبائی امیر نے کہاکہ ملک کی تعمیر وترقی اورعوام کے حقوق کے لیے جماعت اسلامی میدان عمل میں کھڑی رہے گی۔محمد حسین محنتی نے مطالبہ کیا کہ حکومت لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل2021 کو واپس لے اور سیاسی جماعتوں کے مشورے سے بلدیاتی نظام کے حوالے سے قانون سازی کی جائے کیونکہ اس طرح کے قوانین سے جمہوریت کومفلوج بنایا جا رہا ہے۔ ہم وفاقی حکومت اور چیف جسٹس سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ سندھ حکومت کے اس آئین شکن و عوام دشمن فیصلے کا نوٹس لے۔صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری عبدالوحید قریشی،حافظ طاہر مجید، سردار زبیر سولنگی،مجاہد چنا، ضلعی امیرعقیل احمدخان ودیگر ذمے داران ان کے ہمراہ موجود تھے۔