پاکستان کاتنازعات سے متاثرہ ممالک کیلیے فنڈز میں اضافہ پر زور

88

اقوام متحدہ (اے پی پی) پاکستان نے تنازعات سے متاثرہ ممالک میں اقوام متحدہ کے امن سازی کمیشن کی قیام امن کی کوششوں کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ادارے کی قیام امن سازی کی سرگرمیوں کے لیے فنڈز میں اضافہ کیا جائے جس کا مقصد متاثرہ ممالک میں معاشی اور مالی استحکام لانا ہے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے
گزشتہ روز اقوام متحدہ کے امن سازی کمیشن کے قیام امن کی فنانسنگ پر منعقدہ سالانہ اجلاس میں کہا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ میں 6دہائیوں سے فوجی تعاون کرنے والے ملک کے طور پربراہ راست یہ دیکھا ہے کہ کس طرح اقوام متحدہ کی امن سازی تشدد کو کم کرنے اور تنازعات سے متاثرہ ممالک میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے ایک عمل انگیزکے طور پر کام کر سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے امن فوجیوں نے قیام امن کی کوششوں کی تکمیل کے لیے اکثر اپنے وسائل کو متحرک کیا ہے اور ایسی کوششوں کے فوائد کو ’’گہرے اور دور رس‘‘ قرار دیا ہے۔انہوں نے متعدد امن مشنز میں قیام امن کی سرگرمیوں کے لیے مختص پروگرامی فنڈنگ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ فنڈنگ کا یہ اہم سلسلہ ختم نہیں ہونا چاہیے بلکہ درحقیقت اسے سلامتی کونسل کے مناسب مینڈیٹ کی قانون سازی اور مناسب مینڈیٹ کے وسائل کے ذریعے بڑھایا جانا چاہیے جس میں قیام امن کے اس پہلو کا بھی احاطہ کیا جانا چاہیے۔