حیدرآباد: ڈکیتی مزاحمت پر مسلح ملزمان نے معمر شخص کوقتل کردیا

118

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)ڈکیتی مزاحمت پر ملزمان نے فائرنگ کرکے معمر شخص کو قتل کردیا، سٹی تھانے کی حدود سے لاش برآمد ہوئی، پولیس نے مختلف علاقوںسے اشتہاری سمیت 2ملزم کو گرفتار کرکے مقدمات درج کرلیے۔ تفصیلات کے مطابق لطیف آباد نمبر5میں ڈکیتی مزاحمت پر مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے60سالہ معمر شخص کو قتل کردیا۔مقتول سید نورالحسن
محبوب گراؤنڈ یونٹ نمبر5 کا رہائشی تھا جو اپنے گھر میں بچوں کے چیزوں کی دکان چلا کر اپنا گزربسر کرتاتھاچھوٹی سی دکان پر3ملزمان ڈکیتی کیلیے آئے،رقم چھیننے کی کوشش کے دوران مزاحمت پر مقتول کو گولی ماردی۔پیپلزپارٹی کے رہنما لطیف آباد سعید الدین اور فیصل عبدالجبار خان نے مقتول کے لواحقین سے تعزیت کی اورہر ممکن تعاون کا یقین دلایا،جبکہ ڈی آئی جی حیدرآباد پولیس شرجیل کھرل نے نور حسن کے قتل کے واقعے کا نوٹس لے لیتے ہوئے ایس ایس پی حیدرآباد سے رپورٹ طلب اورملزمان کی جلد گرفتاری کی ہدایت کردی ۔سٹی تھانے کی حدود سے نامعلوم معمر شخص کی لاش برآمدہوئی جسے سول اسپتال کے سرد خانے میں شناخت کیلیے امانتاً رکھوادیا گیا۔علاوہ ازیںٹنڈو جام پولیس نے دوران پیٹرولنگ موسیٰ کھتیان لنک روڈ کے قریب سے مین پوری فروش نظر محمد گوپانگ کو 350 مین پوری سمیت گرفتار کرلیا جبکہ ملزم کا ساتھی فرارہوگیا۔ تھانہ سائٹ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے چوری کی واردات میں روپوش ملزم سندر خان بنگالی کو 98 گرام چرس سمیت گرفتار کرلیا۔