صنعتی و پیداواری سرگرمیوں کا فروغ اولین ترجیح ہے ، ناصر حسین شاہ

279
صدر نکاٹی فیصل معز خان ،سینئر نائب صدر شبیر اسماعیل کا وزیربلدیات ناصر حسین شاہ سے ملاقات کے موقع پر لیا گیا فوٹو

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیربلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے ایم ڈی واٹر بورڈ کو نارتھ کراچی صنعتی ایریا کی صنعتوں کوبلاتعطل پانی کی فراہمی کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ صنعتوں اور پیداواری سرگرمیوں کا فروغ پیپلز پارٹی حکومت کی اولین ترجیح ہے تاکہ روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کیے جاسکیں اور صوبے میں خوشحالی آئے۔یہ بات انہوں نے نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے صدر فیصل معز خان ،سینئر نائب صدر شبیر اسماعیل، نائب صدر نعیم حیدراورسجاد وزیر سے ملاقات کے موقع پر کہی۔سید ناصر حسین شاہ نے کہاکہ کاروبار کرنے کاآسان بنانے اور صنعتوں کی پیداواری لاگت کو کم کیے بغیرصنعتی فروغ ممکن نہیں ۔یہی وجہ ہے کہ سندھ حکومت نے تاجروصنعتکار برادری کی مشکلات کو کم کرنے اورسہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا باالخصوص صنعتی ایریا کے روز انفرااسٹر کچر کو بہتر بنانے کے لیے خطیر فنڈز فراہم کیے تاکہ بلارکاوٹ صنعتی پہیہ گھومتا رہے اورکاروبار کو بھی ترقی ملے۔ انہوں نے نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے صدر فیصل معز خان کی جانب سے صنعتوں کو پانی کی فراہمی کے تعطل کا نوٹس لیتے ہوئے موقع پر ہی ایم ڈی واٹر بورڈکو ہدایت کی کہ فیکٹریوں کو چلانے کے لیے ضرورت کے مطابق پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے جس پر نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے وفد نے وزیربلدیات کا شکریہ ادا کیا اور صنعتکار برادری کی طرف سے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔