واٹر بورڈ کی کارروائی، منگھوپیر میں غیر قانونی ہائیڈرنٹ مسمار

183

کراچی(اے پی پی) اینٹی تھیفٹ سیل واٹر بورڈ نے منگھوپیر ڈسٹرکٹ ویسٹ میں غیر قانونی ہائیڈرنٹ کے خلاف بڑا آپریشن کرکے ہائیڈرنٹ مسمار کردیا، آپریشن اینٹی تھیفٹ سیل انچارج واٹر بورڈ عبدالواحد شیخ کی سربراہی میں کیا گیا، آپریشن کرتے ہوئے4انچ کے3کنکشنز منقطع کردیے گئے ، ملزمان واٹر بورڈ کی 66 انچ پانی کی لائن سے غیر قانونی کنکشنز کے ذریعے منگھوپیر ڈسٹرکٹ ویسٹ کا پانی چوری کرکے غیر قانونی ہائیڈرنٹ کے ذریعے مختلف ایریاز میں فروخت کرتے تھے۔ انچارج اینٹی تھیفٹ سیل عبدالواحد شیخ کا کہنا تھا کہ کارروائی کے دوران ہیوی مشینری، پمپس، جنریٹرز اور سیکڑوں فٹ پائپ قبضہ میں لے لیا گیا ہے جبکہ ملوث ملزمان کے خلاف متعلقہ تھانہ میں پانی چوری کے نئے قانون کے تحت مقدمات درج کرائے جائیں گے ۔ اس موقع پر وزیر بلدیات سندھ و چیئرمین کراچی واٹر بورڈ سید ناصر حسین شاہ نے انچارج اینٹی تھیفٹ سیل واٹر بورڈ عبدالواحد شیخ کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پانی چوروں کیخلاف آپریشن کا دائرہ شہر کے دیگر علاقوں تک وسیع کیا جائے اور شہریوں کے حصے کا پانی چوری کرنے والوں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے اور آپریشن بلا کسی امتیاز وتخصیص کیا جائے۔