وزراء کے ملک چھوڑنے پر پابندی ،3 ماہ اہم ہیں،وزیراعظم

422
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان وفاقی کابینہ کے اجلا س کی صدار ت کررہے ہیں

اسلام آباد(صباح نیوز) وزیراعظم عمران خان نے حکومت کو درپیش مختلف چیلنجزکے پیش نظر وفاقی وزرا کو ملک چھوڑنیسے روک دیا۔وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ملکی معاشی و سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے حکم دیا کہ آئندہ 3 ماہ بہت اہم ہیں، اس لیے کوئی وزیر ملک سے باہر نہ جائے ، کوئی وزیر اجازت لیے بغیر بیرون ملک دورہ نہیں کرے گا۔ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم نے وزرا کو بیرون ملک جانے سے منع کیا کہ حکومت کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے جن سے نمٹنے کے لیے 3 ماہ کا ہدف ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کو معاشی بحرانوں کا سامنا ہے، ایسی صورتحال میں وزرا غیر ضروری بیرونی دورے نہ کریں، اپنی اپنی وزارتوں میں رہیں ۔ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم نے گلاسگو کانفرنس سے متعلق متنازع بیانات دینے والے رہنماؤں کا نوٹس لیتے ہوئے شٹ اپ کال دے دی۔کچھ پارٹی رہنما بغیر بتائے کانفرنس میں شرکت کے لیے پہنچ گئے تھے۔وزیر اعظم نے ملک میں گیس کے حوالے سے بھی اظہار خیال کیااور کہا کہ ملک میں گیس کی قلت ہے، پاکستان میں گیس کے ذخائر تیزی سے کم ہو رہے ہیں لیکن صورت حال کو مسلسل مانیٹر کر رہے ہیں۔قبل ازیں وفاقی کابینہ نے کورونا ریلیف پیکیج پر آڈٹ رپورٹ میں اربوں روپے کی بے ضابطگیوں کے حوالے سے متعلقہ محکموں کو وضاحت دینے کی ہدایت کی۔ کابینہ نے سندھ میں اشیاء ضروریہ کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے جبکہ قومی ہوا بازی پالیسی 2019ء کے تحت ہوا بازی لائسنس کی تجدیداور سول ایوی ایشن اتھارٹی رولز کے تحت ہوائی اڈوں کے اطراف میں قائم بلند عمارتوں کی حد مقرر کرنے کی منظوری دے دی گئی۔ بیرون ممالک سے تبلیغی جماعت کے پاکستان آنے والے افراد کے لیے ویزے کی مدت 120 دنوں سے بڑھا کر 150 دن کرنے کے علاوہ محمد سلیم کو چیئرمین نجکاری کمیشن تعینات کرنے کی منظوری دے دی گئی۔ کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ سی این جی سیکٹر کو آج سے 15 فروری تک بند رکھا جائے گا، ایل این جی پر چلنے والے پاور پلانٹس کو 5 فیصد اضافی گیس فراہم کی جائے گی۔کابینہ نے افغانستان کی صورتحال پر او آئی سی ممالک کے وزراء خارجہ کا خصوصی اجلاس پاکستان میں منعقد کرنے اور افغانستان کے لیے 50 ہزار ٹن گندم کی امداد کی منظوری بھی دے دی ۔وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کورونا کی نئی قسم اومی کرون کے حوالے سے کابینہ کو بریف کیا۔