خواتین سرگرمیاں بلدیاتی انتخابات کے مطابق کریں ٗحافظ نعیم

385
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ادارہ نورحق میں جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے تحت ہر سطح کی ذمے داران کے اجتماع سے خطاب کررہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ کراچی کے3 کروڑ سے زاید عوام تمام حکومتی جماعتوں کی کارکردگی اور کراچی کے ساتھ نارواسلوک کرنے پر بے زارہوچکے ہیں ،جماعت اسلامی کی ’’حق دو کراچی تحریک ‘‘ سے کراچی کے عوام میں شعوربیدا رہوا ہے جس کے نتیجے میں جماعت اسلامی ایک نمائندہ جماعت کے طور پر سامنے آئی ہے ،حلقہ خواتین دعوت و تبلیغ کے پروگرامات کو آنے والے بلدیاتی انتخابات کی روشنی میں ترتیب دے ،سال 2020ء کی ووٹر لسٹیں تقسیم کریں ،ایک وارڈ میں جتنے بھی حلقہ جات ہیں ان کی ووٹر لسٹوں کی تقسیم ،تصحیح اور اندراج کا کام کریں ،ناظمات علاقہ جات بلاک کوڈ کی سطح پر ہفتہ وار اور ماہانہ پروگرامات ترتیب دیں ، گھر گھر جاکر رابطہ مہم کا آغاز کریں ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے ادارہ نورحق میں جماعت اسلامی (حلقہ خواتین )کراچی کے تحت ہر سطح کی ذمے داران کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجتماع سے ناظمہ جماعت اسلامی (حلقہ خواتین ) صوبہ سندھ رخشندہ منیب ، ناظمہ کراچی اسما سفیر و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہاکہ اقامت دین کی تحریک صرف دین کے کسی حصے کی تحریک نہیں ہے ،جماعت اسلامی سیاسی اعتبارسے محض سیاسی تحریک نہیں بلکہ ایک مکمل نظریہ حیات کا نام ہے ،دین کو ایک ریاست اور ایک اتھارٹی کے طور پر نافذ کرنا جماعت اسلامی کی جدوجہد کا اصل مقصدہے ،معاشی ، سیاسی ، حکومتی ،عائلی نظام دین کے مطابق ڈھالنا ہی اسلام کا نام ہے ۔ انہوں نے کہاکہ نظا م میں مکمل تبدیلی کے لیے ایک طویل جدوجہد کی ضرورت ہے ، معاشرے کی عام خواتین کو تنظیم کا حصہ بنائیں اور جماعت اسلامی کی جدوجہد میں شریک کریں ، اصلاح معاشرہ کے لیے گھر گھر جاکر رابطہ کریں ۔ انہوں نے کہاکہ ماضی کے مقابلے میں آج صورتحال بہت بہتر ہے ، ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی کے ووٹر تذبذب کا شکار ہیں ، ایسے افراد جواپنی پارٹیوں سے منحرف ہوچکے ہیں انہیں اورمعاشرے کی بااثر خواتین کو بھی اپنی تنظیم میں شامل کر کے جماعت اسلامی کی ’’حق دو کراچی تحریک ‘‘ کا حصہ بنائیں۔ رخشندہ منیب نے کہاکہ ہر سطح کے نظم کا ذیلی اور بالائی نظم سے تعلق قریبی اور مسلسل ہونا چاہیے، اپنی اپنی ٹیم ساتھ لے کر چلیں، شعبہ اور نظم کا باہمی اعتماد اور تعاون دعوت کو نتیجہ خیز بناتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ سوشل میڈیا دعوت و تبلیغ کا ایک بڑا میدان ہے ،اس محاذ پر خیر کو فروغ دینا ہی امت کی ماؤں ،بہنوں کی ذمے داری ہے ۔اسما سفیرنے کہاکہ آپس میں معاونت کے بغیر دعوتی کام ممکن نہیں ہے ،ذمے داران اخلاص اور نرم خوئی کے ساتھ ہی دعوت حق کا ابلاغ کریں،کارکنان جماعت اسلامی معاشرے کی بااثر خواتین سے رابطہ کریں ، اصلاح معاشرہ کے حوالے سے پیش آمدہ مسائل حل کرانے کے لیے مؤثر کردار اداکریں اورآنے والے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے زبردست مہم چلائیں ۔