شاہراہ فیصل پر کھمبوں پر لگے سیاسی جھنڈے اتارنے کا فیصلہ

307

کراچی:شاہراہ فیصل پر کھمبوں پر لگے سیاسی جھنڈے اتارنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

ڈپٹی کمشنرایسٹ آصف جان صدیقی نے شاہراہ فیصل پر کھمبوں پر لگے سیاسی جھنڈے اتارنے کیلیے ایڈمنسٹریٹر ایسٹ کو خط لکھ دیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ آپریشن کے لیے ضروری مشینری اورگاڑیاں فراہم کی جائیں۔

ڈپٹی کمشنرایسٹ نےڈی آئی جی ایسٹ،ٹریفک و دیگرقانون نافذ کرنے والے اداروں کو خط ارسال کردیا ہے، جس میں اسسٹنٹ کمشنرفیروزآباد اسما بتول کو آپریشن کا فوکل پرسن بنا دیا گیا ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ شاہراہ فیصل اور کارسازروڈپراسٹریٹ لائٹس پر جھنڈے لہرائے جاتے ہیں، سیاسی جماعتوں کے جھنڈے سڑک کی خوبصورتی کو متاثر کرتے ہیں۔

ڈپٹی کمشنرایسٹ نے کہا کہ اسٹریٹ لائٹس ،کھمبوں پرجھنڈے لگاناقوانین کی خلاف ورزی ہے ، مرکزی سڑکوں سے سیاسی جھنڈے ہٹانے کیلئے اقدامات کیے جائیں، آپریشن کے لیے ضروری مشینری اورگاڑیاں فراہم کی جائیں۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ جھنڈے اتارنے کے لیے آپریشن جلد شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

خیال رہے گذشتہ سال سپریم کورٹ نے شہر بھر سے تمام اشتہاری بل بورڈز ہٹانے کا حکم دیا تھا، چیف جسٹس پاکستان گلزار احمد کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے بنچ نے شہر بھر میں سرکاری اور نجی املاک کے ساتھ ساتھ سڑکوں پر بل بورڈز کی غیر قانونی تنصیب سے متعلق کیس کی سماعت کی تھی۔بنچ نے شالوانی کو ہدایت دی تھی کہ وہ قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بل بورڈز کی تنصیب کے پیچھے ان تمام لوگوں کے خلاف کارروائی کریں۔