میرپورخاص ،محکمہ فوڈ کی نااہلی ،ہوٹلوں میں ناقص تیل کا استعمال

206

میرپورخاص(نمائندہ جسارت)محکمہ فوڈ ڈپارٹمنٹ کی چشم پوشی ضلع بھر کے ہوٹل، ریسٹورنٹ میں ناقص تیل سے تیار کردہ کھانوں سے نوجوان نسل میں امراض قلب کا مرض تیزی سے پھیلنے لگا ،کھانا بنانے کے لیے تیل کو کئی کئی بار استعمال کیا جاتا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ضلع میرپورخاص میں فوڈ ڈپارٹمنٹ کی لاپرواہی کے سبب ہوٹلز،ریسٹورنٹ سمیت دیگر کھانے پینے کی اشیا میں ناقص تیل کی کھلے عام استعمال سے نوجوانوں میں امراض قلب کے مرض کے ساتھ ساتھ دیگر مہلک قسم کی بیماریاں تیزی سے پھیل رہی ہیں ضلع بھر کے ہوٹلز مالکان کی جانب سے بڑے پیمانے پر معیاری تیل کے بجائے غیر معیاری تیل کااستعمال محکمہ فوڈ کو نظر نہیں آرہا ہے جس سے نوجوان نسل جو بڑی تعداد میں ہوٹلز اور ڈہابوں پر کڑاہی گوشت اور دیگر مرغن غذائوں سے بنے کھانوں جہاں ہوٹلز مالکان کی جانب سے حفظان صحت کے اصو لوں اور معیاری تیل سے تیار کردہ کھانوں کا دعویٰ کیا جاتا ہے اور قیمتیں بھی زیادہ وصول کی جاتی ہیں۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ محکمہ فوڈ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے ایسے تمام بڑے چھوٹے ہوٹلز اور ڈہابوں میں چیکنگ اور جرمانے اور سزائوں کا عمل نہ ہونے سے نوجوان نسل مختلف بیماریوں میں تیزی سے مبتلا ہورہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ 6 ماہ کے دوران کم عمر نوجوان دل کا دورہ پڑنے سے فوت ہوچکے ہیں کچھ نوجوان ہارٹ اٹیک سے کئی روز اسپتالوں میں زیر علاج رہے ہیں۔ ڈاکٹرز کے مطابق ایسے نوجوان ہوٹلز اور ڈہابوں پر ناقص تیل سے بنے ہوئے کھانے کے استعمال سے جسم میں کولسٹرول بڑھنا اور دل کی بیماریاں میں مبتلا ہورہے ہیں۔ شہریوں نے محکمہ فوڈ افسران اور دیگر اعلیٰ حکام سے اپیل کرتے ہوہے کہا ہے کہ ایسے ہوٹلز مالکان کے خلاف فوری سخت کارروائی عمل میں لائی جائے جو حفظان صحت کے اصولوں سے برخلاف ناقص اور غیر معیاری تیل سے تیار کردہ کھانوں کی فروخت میں ملوث ہیں تاکہ امراض قلب کی بڑھتے مرض پر قابو پایا جاسکے۔