گال ٹیسٹ ،سری لنکا نے پہلی اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر113رنز بنا لئے

259

 

گال (جسارت نیوز)سری لنکا نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 113 رنز بنا لئے، بارش کے باعث پہلے روز صرف 35 اوورز کا کھیل ممکن ہو سکا، سری لنکن اوپنرز پاتھم نسانکا اور ڈیموتھ کرونارتنے نے 106 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی۔ پیر کو گال انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں شروع ہونے والے 2 میچوں پر مشتمل سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں میزبان سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ سری لنکا نے پہلے روز کھیل کے اختتام پر ایک وکٹ کے نقصان پر 113 رنز بنا لئے۔ بارش کے باعث ابتدائی2 سیشز کا کھیل ممکن نہ ہوسکا۔ تیسرے سیشن میں سری لنکا کے اوپنرز پاتھم نسانکا اور ڈیموتھ کرونارتنے نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے پہلی وکٹ کی شراکت میں 106 رنز بنائے، رواں سیریز میں سری لنکن اوپنرز کی یہ دوسری سنچری پارٹنر شپ ہے۔ پاتھم نسانکا 61 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ کپتان ڈیموتھ کرونارتنے 42 رنز بنا کر روسٹن چیس کے ہاتھوں آئوٹ ہوئے۔ اوشاندا فرنینڈو 2 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ ہیں۔ ویسٹ انڈیز کی طرف سے واحد وکٹ روسٹن چیس نے حاصل کی۔ بارش کے باعث پہلے روز صرف 35 اوورز کا کھیل ہی ممکن ہو سکا۔ واضح رہے سری لنکا کو2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے۔