پاکستان اسٹاک میں تیزی ، انڈیکس 1200 پوائنٹس بڑھ گیا

159

 

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتہ کا آغاز مثبت ہوا ،سرمایہ کاروں اور مالیاتی اداروں کی ٹیلی کام ،بینکنگ ،پیٹرولیم اور فوڈز زسمیت دیگر منافع بخش شعبوں میں سرمایہ کاری کی بدولت اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی کا رجحان غالب رہا،کے ایس ای100 انڈیکس1200پوائنٹس بڑھ گیا جس کی وجہ سے انڈیکس 45ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کر گیا اور45300 پوائنٹس کی نئی سطح پر بند ہوا ،کاروباری تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 170ارب روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 75کھرب روپے سے بڑھ کر77 کھرب روپے پر جا پہنچا ۔رپورٹ کے مطابق پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں پیر کو کے ایس ای 100 انڈیکس میں 1215.89 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے انڈیکس 44114.16پوائنٹس سے بڑ ھ کر 45330.05 پوائنٹس ہو گیا اسی طرح 516.47 پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای 30 انڈیکس 17034.02 پوائنٹس سے بڑھ کر17550.49 پوائنٹس ہو گیا جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 30302.34 پوائنٹس سے بڑھ کر 30984.06 پوائنٹس پر بند ہوا ۔کاروباری تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں 1 کھرب 70 ارب 68 کروڑ 90 لاکھ 17 ہزار 436 روپے کا اضافہ ریکار ڈکیا گیا جس کے نتیجے میں مارکیٹ کا مجموعی سرما یہ 75 کھرب 87 ارب 82 کروڑ 12 لاکھ 88ہزار23روپے سے بڑھ کر77 کھرب 58 ارب 51 کروڑ 3 لاکھ 5ہزار 459 روپے ہو گیا ۔