پاکستان کو چٹا گانگ ٹیسٹ جیتنے کیلیے 93 رنز درکار

559
چٹاگانگ: بنگلا دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستان اوپنرز عابد علی اور عبداللہ شفیق رنز لیتے ہویے

 

چٹاگانگ(جسارت نیوز)پاکستان کی بنگلا دیش کے خلاف چٹاگانگ ٹیسٹ میں گرفت مضبوط ہو گئی۔ میچ کے چوتھے روز پاکستان نے 202 رنز کے تعاقب میں بغیر کسی نقصان کے 109 رنز بنا لئے اور اسے جیت کے لئے 93 رنز درکار ہیں۔ عابد علی 56 اور عبداللہ شفیق 53 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ اس سے قبل بنگلا دیش کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 157 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی۔ لٹن داس نے نصف سنچری بنائی۔ شاہین شاہ آفریدی نے 5 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔پیر کو ظہور احمد چوہدری ا سٹیڈیم، چٹاگانگ میں ٹیسٹ کے چوتھے روز میزبان ٹیم نے اپنی دوسری نامکمل اننگز 39 رنز 4 کھلاڑی آئوٹ پردوبارہ شروع کی تو مشفق الرحیم 12 اور یاسر علی 8 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے ۔ پاکستانی بولرز کی عمدہ بولنگ کے سامنے بنگلادیشی ٹیم بالکل بے بس نظر آئی اور پوری ٹیم 157 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، حسن علی نے بنگلا دیش کے تجربہ کار بلے باز مشفیق الرحیم کو 16 رنز پر کلین بولڈ کر دیا۔ مہدی حسن 11، نورالحسن15 بناکر آئوٹ ہوگئے، پہلی اننگز کے سنچری میکر لٹن داس نے دوسری اننگز میں بھی اچھی بیٹنگ59 رنز بنائے۔ ابو جاوید، تیج الاسلام اور عبادت حسین بغیر کوئی رن بنائے پویلین واپس لوٹ گئے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا اور 5 وکٹیں حاصل کیں۔ ساجد خان نے 3 اور حسن علی نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ پہلی اننگز میں 44 رنز کی برتری کی وجہ سے بنگلا دیش نے پاکستان کو جیت کیلئے202 رنز کا ہدف دیا۔ پاکستانی اوپنرز نے دوسری اننگز میں بھی پراعتماد انداز میں بیٹنگ کی اور چوتھے روز کھیل کے اختتام پر ٹیم کا اسکور 109 تک پہنچا دیا۔ دونوں بلے بازوں نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگلا دیشی بولرز کی خوب دھنائی کی اور اپنی اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں۔ عابد علی 56 اور عبداللہ شفیق 53 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ ہیں۔