کانپور ٹیسٹ ، بھارت اور نیوزی لینڈ کا میچ ڈرا ، شریاس آئر مرد میدان رہے

274

 

کانپور(جسارت نیوز)بھارت اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان کانپور میں کھیلا گیا سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ دلچسپ مقابلے کے بعد ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہو گیا۔ میچ کے 5ویں اور آخری روز نیوزی لینڈ نے 284 رنز کے تعاقب میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 165رنز بنائے۔ ٹام لیتھم نے نصف سنچری بنائی۔ روندرا جدیجا نے 4 اور روی چندرن ایشون نے 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ پہلی اننگز میں سنچری اسکور کرنے پر شریاس آئیرکو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ پیر کو گرین پارک، کانپور میں کھیلے گئے ٹیسٹ کے 5 ویں اور آخری روز نیوزی لینڈ نے 284 رنز کے تعاقب میں اننگز دوبارہ شروع کی تو ٹام لیتھم 4 اور ولیم سمرولی صفر پر ناٹ آئوٹ تھے۔ دونوں بلے بازوں نے اعتماد سے بیٹنگ کی اور مجموعی اسکور میں 76 رنز کا اضافہ کیا، ولیم سمرولی 36 رنز بنانے کے بعد امیش یادیو کی گیند پر شبمن گل کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہو گئے۔ اس کے بعد ٹام لیتھم اور کپتان کین ولیمسن نے تیسری وکٹ میں ٹیم کا اسکور 118 تک پہنچا دیا۔ ٹام لیتھم 52 رنز بنا کر روی چندرن ایشون کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔ لیتھم کے آئوٹ ہونے کے بعد نیوزی لینڈ کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔ روز ٹیلر 2 ، ہینری نکولس ایک، کین ولیمسن 24 ، ٹام بلنڈل 2 ، کائل جمیسن 5 اور ٹم سائودی 4 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئے۔ یہاں ایسا لگ رہا تھا کہ بھارت یہ میچ جیت جائے گا مگر آخری وکٹ میں راچن روندرا اور اعجاز پٹیل نے بھرپور مزاحمت کی اور آئوٹ نہیں ہوئے۔ اس طرح یہ میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہو گیا۔ نیوزی لینڈ نے دوسری اننگز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنائے۔ ریچن روندرا 18 اور اعجاز پٹیل 2 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ روندرا جدیجا نے 4 اور روی چندرن ایشون نے3 وکٹیں حاصل کیں۔