رودبار انگلستان کی فضائی نگرانی کا فیصلہ

322
فرانس: مغربی یورپی ممالک کے وزرائے داخلہ اجلاس کررہے ہیں

 

پیرس (انٹرنیشنل ڈیسک) مہاجرین کی ہلاکتوں کے بعد سرحدوں اور ساحلوں کی حفاظت سے متعلق یورپی یونین کی ایجنسی فرونٹیکس نے انگلش چینل کی رات دن فضائی نگرانی کا فیصلہ کیا ہے۔ فرانس نے اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے ہنگامی اجلاس طلب کیا تھا۔فرانس نے انسانوں کی اسمگلنگ سے پیدا شدہ مسئلے کو حل کرنے کے لیے اتوار کے روز شمالی شہر کیلیس میں بات چیت مکمل کر لی۔ چند روز قبل ہی ایک کشتی میں سوار ہو کر ردوبار انگلستان عبور کرنے کی کوشش کرنے والے 27 مہاجرین کی ڈوب کر موت ہو گئی تھی جس کے بعد اس بات چیت کا آغاز ہوا تھا۔فرانس کے وزیر داخلہ جیرالڈ درمانین نے بتایا کہ سرحد اور ساحلوں کی حفاظت سے متعلق یورپی یونین کی ایجنسی فرونٹیکس انگلش چینل کے یورپی ساحلوں پر رات دن پرواز کے لیے ایک طیارہ تعینات کرے گا تاکہ مہاجرین کی گزرگاہوں پر نظر رکھی جا سکے۔اس بات چیت میں مہاجرت سے متعلق جرمنی، ہالینڈ اور بلجیم کے وزرائے داخلہ شامل تھے، تاہم برطانیہ کو شرکت کی دعوت نہیں دی گئی تھی۔گزشتہ بدھ کے روز انگلش چینل کو عبور کرنے کی کوشش کرنے والے 27 مہاجرین ڈوب کر ہلاک ہو گئے تھے۔ چینل کے اس پار سفر کرنے کی امید رکھنے والے مہاجرین نے خبر رساں ادارے اے ایف پی سے بات چیت میں بتایا تھا کہ متاثرین میں سے زیادہ تر عراقی، ایرانی اور افغان تھے، جس میں 17 مرد، 7خواتین اور 3بچے شامل ہیں۔ کیلیس میں فرانس، جرمنی، بلجیم اور ہالینڈ کے حکام نے مہاجرین کی اسمگلنگ کے بڑھتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کے لیے ایک ساتھ مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔اس میٹنگ میں سرحدوں اور ساحلوں کی حفاظت سے متعلق یورپی یونین کی ایجنسی فرونٹیکس کے ذریعے چلنے والے ایک طیارے کو یکم دسمبر سے تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جو اسمگلنگ کے نیٹ ورکس پر نظر رکھنے کے لیے فرانس، بلجیم اور ہالینڈ کے ساحلوں کی نگرانی کرے گا۔