لیاری میں گیس لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ حل کیا جائے، سید عبد الرشید

82

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) امیر جماعت اسلامی کراچی جنوبی ورکن سندھ اسمبلی سید عبد الرشید نے لیاری میں جاری گیس لوڈشیڈنگ کے مسئلے کو فوری حل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ4سال سے سروے مکمل ہونے اور لیکیج کی نشاندہی کے باوجود تاحال کام نہیں کیا گیا ہے، لیاری کی لائنیں بوسیدہ ہوچکی ہیں،گیس کی شارٹیج حکومت کی انتظامی نا اہلی ہے ۔ سید عبدالرشید کا مزید کہنا تھا کہ ہر سال سردی کا آغاز ہونے سے قبل لیاری میں گیس غائب کر دی جاتی ہے، آگرہ تاج ، رانگیواڑہ ،کلاکوٹ ، چاکیواڑہ ، نوالین ، بغدادی ، کلری ، شاہ بیگ لین ، بہارکالونی سمیت پورے لیاری میں ہر سال کی طرح اس سال بھی گیس کی بندش کا سلسلہ جاری ہے، شدید مہنگائی میں عوام گیس نہ ہونے کی وجہ سے ہوٹلوں سے کھانا خریدنے اور گیس سلنڈر بھروانے پر مجبور ہیں حکومت عوام کو اگر ریلیف نہیں دے سکتی تو تکلیف بھی نہ دے ،لیاری کے گیس لوڈ شیڈنگ کے مسئلے کو فوری حل کیا جائے۔