کراچی کو کاسموپولیٹن کا درجہ دیا جائے،مسلم لیگ (ن)

187

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (ن)کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری اور سینٹرل ورکنگ کمیٹی کے رکن ناصر الدین محمود نے مطالبہ کیا کہ کراچی کو کاسموپولیٹن کا درجہ دیا جائے اور کراچی کے تمام ادارے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ماتحت کیے جائیں۔ انہوں نے گزشتہ روز سندھ اسمبلی سے پاس کیے جانے والے بلدیاتی بل پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ 35 برسوں سے کراچی کا صرف بلدیاتی نظام ہی تبدیل کیا جا رہا ہے، کراچی کے بلدیاتی نظام کو بہتر کرنے اور اس کے اختیارات میں اضافے کے لیے کوئی پیش رفت نہیں کی جارہی۔ انہوں نے کہا کہ بلدیہ کراچی کو PFC ایوارڈ کے ذریعے اس کا مالیاتی حصہ ادا کیا جائے تاکہ کراچی کے انفرااسٹرکچر کی جدید تعمیر ہو سکے اور یہاں کے رہائشیوں کو تمام شہری سہولیات باہم پہنچائی جا سکیں۔ ناصر الدین محمود نے کہا کہ بد قسمتی سے حکمرانوں نے کراچی کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک روا رکھا ہے، جہاں سے وفاقی اور صوبائی حکومتیں ہزاروں ارب کا ٹیکس تو حاصل کرتی ہیں لیکن اس شہر کا بدترین استحصال کیا جاتا ہے۔