خیبر پختون خواہ میں بلدیاتی الیکشن جماعتی بنیادوں پر ہی ہوں گے، شیڈول تبدیلی کی درخواست مسترد

457

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے بلدیاتی انتخابات کے شیڈول میں تبدیلی کیلئے خیبر پختون خواہ حکومت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ بلدیاتی الیکشن جماعتی بنیادوں پر ہوں گے۔

سپریم کورٹ نے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر کرانے کے پشاور ہائیکورٹ کے حکم کیخلاف کے پی حکومت کی اپیل پر سماعت کی۔ ایڈووکیٹ جنرل کے پی نے استدعا کی کہ صرف الیکشن نہیں صحیح معنوں میں نمائندگی کی ضرورت ہے، ہائیکورٹ نے جو حکم دیا اس کی قانون میں کوئی گنجائش نہیں، اگر عدالت حکم امتناع نہیں دیتی تو الیکشن کی تاریخ بدلنے کی اجازت دے۔

سپریم کورٹ نے ریمارکس دیے کہ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر ہوں گے، الیکشن کمیشن پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کیلئے تمام اقدامات کر چکا، بلدیاتی الیکشن شیڈول جاری کرنے میں پہلے ہی دو سال تاخیر ہوچکی ہے۔

جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کو تقویت دینے کیلئے سیاسی جماعتوں کو مضبوط کرنا ضروری ہے، سیاسی جماعتوں کو سیاسی عمل سے نہیں نکالا جاسکتا۔

جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ کوئی بھی سیاسی جماعت عدالت میں نہیں آئی، سیاسی جماعتوں کو آکر کہنا چاہیے کہ ہائیکورٹ کے فیصلے سے نقصان ہورہا ہے۔ عدلت نے کہا کہ ہم الیکشن کی تاریخ تبدیل کرنے کے سخت مخالف ہیں۔

بعد ازاں عدالت نے الیکشن شیڈول میں تبدیلی کیلئے کے پی حکومت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی۔۔