تحریک انصاف کی حکومت نے نوجوانوں کو مایوس کیا،جاوید قصوری

253

لاہور:امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے اسلام آباد کے ڈی چوک میں یوتھ مارچ کی شاندار کامیابی پر ذمہ داران اور عوام الناس سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ذمہ داران اور کارکنان کی شبانہ روز محنت کے نتیجے میں یوتھ مارچ کامیابی سے ہمکنار ہوا ہے۔

جاوید قصوری کا کہنا تھا  کہ نوجوانوں نے جس طرح سراج الحق کی قیادت پر اعتماد کا مظاہرہ کیا ہے وہ بے مثال ہے اور اس سے نوجوانوں کے جعلی نمائندوں کی آنکھیں کھل جانی چاہئیں، اس ملک کی 60فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے اور نوجوانوں کی حقیقی ترجمان جماعت اسلامی ہی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے جوش ، جذبے اور ولولے نے ایک نیا پیغام دیا ہے ۔ آنے والے دنوں میں یہی نوجوان جے آئی یوتھ کے پلیٹ فارم سے ہراول دستہ بنیں گے اور ملک و قوم کی خدمت میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے۔

رہنما جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو درپیش مسائل کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت نے نوجوانوں کو سب سے زیادہ مایوس کیا ہے،پی ٹی آئی کے دور حکومت میں بھی بڑے بڑے اسکینڈلز منظر عام پر آرہے ہیں۔ مگر مافیا کو للکارنے والے وزیرا عظم اپنے ارد گردم مافیا پر ہاتھ ڈالنے سے گھبراتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ  ایل این جی کے اسکینڈل میں 800 ارب روپے لوٹ لیے گئے ،مگر کسی کے کان پر جوں تک نہیں رینگی، تحریک انصاف کی تبدیلی ملک و قوم پر بہت بھاری پڑی ہے۔

رہنما جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے آڈٹ جنرل کی کرونا پیکیج میں 40ارب روپے کی خرد برد کی رپورٹ کو 6ماہ تک چھپا کر رکھنا انتہائی شرمناک اقدام ہے۔ شفافیت کے دعویداروں کے چہروں سے نقاب اتر چکے ہیں۔موجودہ حکمران بھی ماضی کی حکومتوں کا ہی تسلسل ہیں۔ ان سے بھی نجات حاصل کرنے کا وقت آن پہنچا ہے ۔