کراچی میں ٹک ٹاکرز کو لوٹنے والا گروہ گرفتار، 100 وارداتوں کا اعتراف

627

کراچی:کراچی میں ٹک ٹاکرز کو لوٹنے والے ملزمان کے گروہ کو شارع نورجہاں پولیس نے گرفتار کرلیا ہے، ملزمان آن لائن فوڈ سپلائی سروس کے نمائندوں کو بھی وارداتوں کا نشانہ بنا چکے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق  کراچی کے شارع نورجہاں تھانے کے ایس ایچ او آفتاب عباسی کے مطابق ان کی پولیس پارٹی نے دو ملزمان رحمن گِل اور عباس علی کو نارتھ ناظم آباد سے گرفتار کیا، ملزمان کے قبضے سے چھینی گئی موٹر سائیکل، موبائل فونز، زیورات اور لڑکیوں سے چھینے گئے پرس برآمد ہوئے ہیں۔

 پولیس کے مطابق ملزمان نے دورانِ تفتیش انکشاف کیا ہے کہ وہ نارتھ ناظم آباد کے مختلف پارکس میں ٹک ٹاک بنانے کے بہانے جاتے تھے، جہاں ٹک ٹاک بنانے میں مصروف ٹک ٹاکرز کی مارکنگ کرلیتے تھے، جن کے پاس مہنگے موبائل فونز اور دیگر قیمتی چیزیں ہوتی تھیں اور پھر اِنہیں نشانہ بناتے تھے۔

ملزمان کا کہنا تھا ٹک ٹاکرز کو لوٹنا بہت آسان ہوتا ہے، خاص طور پر لڑکیاں مزاحمت نہیں کرتیں، ان سے چھینے گئے موبائل فون مہنگے داموں میں فروخت ہوجاتے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ وہ اب تک نارتھ ناظم آباد میں 25 سے زیادہ ٹک ٹاکر جوڑوں اور سنگل لڑکیوں کو لوٹ چکے ہیں، ملزمان فوڈ ڈیلوری بوائے اور آن لائن کار سروس کو سنسان جگہ پر بلاتے تھے، ڈیلوری بوائیز جیسے ہی آتے تھے تو وہ انہیں لوٹ لیتے تھے، ڈیلیوری بوائیز سے منگوایا گیا کھانا بھی چھین لیتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ  آن لائن کار سروس والوں کو لوٹنے کی وارداتیں کرتے رہے، بنارس چوک کے قریب عزیز نامی شخص ان سے چھینے گئے موبائل فون، سونا اور موٹرسائیکل خریدتا ہے۔