بھاری ٹیکس دینے والا حیدرآباد بنیادی سہولیات سے محروم ہے،عقیل احمد خان

558
حیدرآباد: حق دو حیدرآباد کو مہم کے احتجاجی کیمپ میں امیر جماعت اسلامی حیدر آباد عقیل احمد خان و دیگر موجود ہیں

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد کے تحت ”حق دو حیدرآباد کو “ مہم کے موقع پر حیدرآباد چوک پربے لگام حیسکو حکام سے نجات ، صحت و تعلیم کے حصول ، روزگار حصول ، حیدرآباد کے انفرا اسٹرکچر کی از سز نو بحالی، صاف پانی کی مسلسل فراہمی کے لیے احتجاجی کیمپ کا انعقاد گیا گیا ۔ احتجاجی کیمپ میں امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد عقیل احمد خان،
نائب امراءعبدالقیوم شیخ ، قاری محمد افضل شاکر ، جنرل سیکرٹری ظہیر الدین شیخ ، ڈپٹی جنرل سیکرٹری عبدالباسط خان ، جے آئی یوتھ حیدرآباد کے صدر عرفان قائمخانی ، راحیل قریشی، امرائے زونز سمیت کارکنان نے شرکت کی ۔ احتجاجی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد عقیل احمد خان نے کہا کہ سندھ کا دوسرا بڑا شہرحیدرآباد بھاری ٹیکس دیتا ہے لیکن بنیادی سہولتوں سے محروم ہے ، حیدرآباد کو پینے کا صاف پانی نہیں دیا جاتا، نہ نکاسی آب کا نظام ، نہ صحت اور تعلیم کی بنیادی سہولیات اور نہ ہی تفریح و کھیل کا نظام ہے، طلبہ و عوام کے لیے ٹرانسپورٹ ختم ہے ،سرکاری ایمبولینس سروس تک نہیں ، اسپتالوں کا برا حال ، اربوں روپے صحت کا بجٹ ہونے کے باوجود اگر کوئی جھلس جائے تو برنس وارڈ نہیں ، کتا کاٹ لے تو ویکیسن نہیں ، تعلقہ اسپتالوں کی حالت زار ناقابل بیان ، سرکاری اسکولز و کالجز کچرا ڈپو بنے ہوئے ہیں ، صوبہ کے دوسرے اہم شہرمیں یونیورسٹی اور انجینئرنگ و میڈیکل کالج سے بھی محروم ہے۔ عقیل احمد خان نے کہا کہ حیدرآباد میں پبلک ٹرانسپورٹ چلائی جائے ، بدین بس اسٹاپ کو وسعت اور ہالا ناکہ پر بھی ایک بڑا عوامی سہولیات سے آراستہ بس ٹرمینل کا قیام عمل میں لایا جائے، حیدرآباد کا اہم ترین مسئلہ صحت ،صفائی اور نکاسی و فراہمی آب کا ہے واسا کی ذیلی ادارے کی حیثیت ختم کر کے اسے ضلع کا با اختیار ادارہ ”واٹر بورڈ “ بنایا جائے، جو حکومت اور منتخب نمائندوں کی نگرانی میں کام کرے۔ جماعت اسلامی حیدرآباد کے جملہ مسائل سے بخوبی آگاہ ہے ہم نے اختیارات نہ ہونے کے باوجود بہت سے عوامی مسائل حل کرائے ہیںاور سلگتے ہوئے مسائل پر آواز بلند کرتے رہے ہیں۔ہم اقتدار میں ہو ں یا نہ ہوں عوام کے مسائل پر آواز اٹھاتے رہیں گے اور اگر عوام نے ہمیں منتخب اداروں میں بھیجا تو انہیں مایوس نہیں کریں گے ۔