بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی بھرپورشرکت کرے گی،جاوید قصوری

408

لاہور (وقائع نگار خصوصی)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی بھرپورشرکت کرے گی۔ تمام امرائے اضلاع، بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے اپنی نگرانی میں کام کا آغاز کر دیں اور جماعت اسلامی کے پیغام کو عام لوگوں تک پہنچانے کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائیں۔ جماعت اسلامی کی تمام سرگرمیوں میں بلدیاتی انتخابات کو ترجیح اول بنائیں۔ جماعت اسلامی کے امیدواربرائے قومی وصوبائی اسمبلی بھی اپنے حلقوں میں بلدیاتی انتخابات کو پہلی سیڑھی سمجھ کر پوری قوت سے میدان میں اتریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کے کارکنان وذمے داران کے نام جاری کردہ اپنے پیغام میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ زونل امر ومقامی جماعتوں کے امرجلدازجلد بلدیاتی نمائندے طے کریں اورفہرستیں نظم ضلع تک پہنچائیں۔ ضلعی سیاسی کمیٹیوں کے صدور اور سیکرٹریز اپنا بھرپور کرداراداکر تے ہوئے سیاسی کمیٹیوں کو پہلے سے زیادہ متحرک کریں۔ جے آئی یوتھ،خواتیں کے نظم اوردیگر برادر تنظیمات کے ساتھ تسلسل کے ساتھ مشاورت اور انہیں انتخابات میں متعین کردار دیا جانا چاہیے۔ اس حوالے سے ذمہ داران پیش رفت کا خود جائزہ لے کر نظم جماعت کو بھی اپنی رپورٹس بروقت بھجواتے رہیں۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ موجودہ حکمران ہر محاذ پر بری طرح ناکام، نااہل اور نا تجربہ کار ثابت ہوئے ہیں۔ سیاسی مخالفین کے ساتھ انتقامی کارروائیوں کی بجائے ساری توجہ اپنی کارکردگی پر مذکور ہوتی تو آج ملک و قوم کی تقدیر بد ل چکی ہوتی۔ پورے ملک کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا گیا ہے۔ آئی ایم ایف کی ظالمانہ شرائط پر عمل در آمد کرتے ہوئے قرضے حاصل کیے جارہے ہیں۔ ان ظالموں سے نجات کے لیے عوام کو جماعت اسلامی کا ساتھ دینا ہوگا۔