انتخابی فہرستوں میں ووٹ کا درست اندراج کروانا ہر شہری کا قومی فریضہ ہے

232

میرپورخاص (نمائندہ جسارت) جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر سندھ علی اصغر سیال نے کہا ہے کہ انتخابی فہرستوں میں ووٹ کا درست اندراج کروانا ہر شہری کا قومی فریضہ ہے کیونکہ اسی سے ہی قوموں کی تقدیر کا فیصلہ ہوتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج ایک دن کے دورے پر ضلعی الیکشن آفیس میرپورخاص میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے انتخابہ فہرستوں کی نظر ثانی کے کام کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے پورے ملک میں انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی کے کام کا آغاز کیا ہے تاکہ رائے دہندگان کے درست ووٹ کے اندراج کو ممکن بنایا جا سکے اس ضمن میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے تمام تر انتظامات اور کام کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ اجلاس میں جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر سندھ علی اصغر سیال کو اسٹنٹ سپروائزر اور متعلقہ افسران کی جانب سے بتایا گیا کہ میرپورخاص ضلع میں انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی کا کام روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے اور اب تک اس مرحلے میں 80فیصد تک کام مکمل کیا گیا ہے اور مزید کام جاری ہے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ سپروائزر کی جانب سے درپیش مسائل جس میں اساتذہ کی ڈیوٹی کے لئے بایو میٹرک، اور انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی کے کام کو مزید توسیع دینے کا مطالبہ جس پر جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر سندھ نے یقین دلایا کہ اس قومی فریضہ کی انجام دہی کے لیے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کروائے جائیں گے اور انتخابی فہرستوں کے کام کو توسیع دینے کیلئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو سفارش بھیجی جائے گی۔ بعد ازاں جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر سندھ علی اصغر سیال نے ضلعی الیکشن کمشنر میرپورخاص روشن علی مستوئی کے ہمراہ انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی کے کام جائزہ لینے کے لئے سیٹلائٹ ٹاؤن، سیال کالونی اور دیگر علاقوں کا دورہ کرکے کام کا جائزہ لیا اور اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ضلعی الیکشن کمشنر میرپورخاص روشن علی مستوئی نے میرپورخاص سے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی کے دوران الیکشن ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں اور ساتھ ساتھ اپنے ووٹ کی صحیح معلومات حاصل کرنے کیلئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ایس ایم ایس سہولت جو کہ 8300پر اپنا قومی شناختی کارڈ بغیر اسپیس کے پر بھیج کر حاصل کر سکتے ہیں ۔اجلاس میں الیکشن آفیسر میرپورخاص علی ڈنو چارن، اسٹنٹ رجسٹریشن افسران عبدالعزیز شورو، عبدالحمید ناریجو،اسٹنٹ سپروائزر، الیکشن کمیشن آفس میرپورخاص کے اسٹنٹ میر حسن لغاری ، نور محمد اور دیگر متعلقہ افسران بھی شریک تھے۔