گھارو انتظامیہ کی غفلت سگ گزیدگی کے واقعات میں اضافہ

292

گھارو (نمائندہ جسارت)گھارو میں انتظامیہ کی غفلت اور لاپرواہی کے باعث شہر میں سگ گزیدگی کے واقعات میں بے تحاشا اضافہ ہوگیا ہے جہاں دائم شاہ محلہ، کے ڈی اے روڈ، قریشی محلہ، عباسی محلہ، گھارو غریب آباد محلہ، بھٹ محلہ ،عید گاہ گلی ،میر بحر محلہ، میمن محلہ ،قاضی محلہ، ناہیو محلہ ، خاصخیلی محلہ ، پہنور محلہ ،چانڈیو محلہاوراللہ ڈنو خان چانڈیو محلہ سمیت شہر کی دیگر ہر گلی محلوں میں آوارہ کتوں کے غول کے غول ٹولیوں کی شکل میں پھرتے ہیں جہاں بوڑھے ضعیف العمر افراد کے علاوہ اسکول جانے والے بچوں کو دیکھ کر پیچھے لگ جاتے ہیں جبکہ اکثر بچوں نے ان آوارہ کتوں کے غول کو دیکھ کر گھر سے باہر نکلنا بھی چھوڑ دیا ہے۔ دوسری جانب مال مویشی رکھنے والے بھی ان بڑھتے ہوئے کتوں سے سخت پریشان ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ کتوں کی تعداد دن بد دن بڑھتی جارہی ہے جہاں یہ خوراک کی تلاش میں واڈوں میں گھس جاتے ہیں اور ان کے مویشیوں کو کاٹ کر زخمی کرنے سے بھی دریغ نہیں کرتے ۔ ان کا کہنا تھا کہ سردیوں میں تو یہ اور بھی خطرناک ہوجاتے ہیں جبکہ سردیوں میں کتوں کے کاٹنے کے واقعات میں بے تحاشا اضافہ ہوجاتا ہے۔ شہریوں نے میڈیا کو بتایا کہ انتظامیہ نے اس جانب سے مکمل چپ سادھ رکھی ہے اور ان کی اس لاپرواہی اور غفلت کے سبب کتوں کی تعداد میں دن با دن اضافہ ہورہا ہے۔ انہوں نے ڈی سی ٹھٹھہ ،اے سی گھارو ٹاؤن ایڈمنسٹریٹر ٹاؤن آفیسر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ علاقے میں بڑھتی سگ گزیدگی کے واقعات پر فوری طور پر نوٹس لیں اور اپنے متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کریں تاکہ وہ کتا مار مہم کا آغاز کرتے ہوئے شہریوں کو محفوظ ماحول مہیا کرسکیں۔