مزدوروں کی حقوق کیلیے ہر جگہ آواز اٹھائیں گے ، پریم یونین

233

فیصل آباد(جسارت نیوز)ریلوے پریم یونین کے مرکزی چیئرمین ضیا الدین انصاری، صدرشیخ محمد انور ، جنرل سیکرٹری خیرمحمدتونیو، سیکرٹری اطلاعات خالد محمود چودھری نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت منی بجٹ لاکرمہنگائی میں اضافہ کرنے کے بجائے ملک میں مہنگائی کے خاتمہ اور ملازمین کی تنخواہوں میں سو فیصد اضافہ کا اعلان کرے۔ رہنمائوںنے کہا کہ ایک کروڑ نوکریاں فراہم کرنے کے دعوے داروں نے ریلوے کی پندرہ ہزار اسامیوں پر بھرتی کرنے کے بجائے انہیں یکسرختم کردیاہے۔ پی ٹی آئی کو ن لیگ اورپیپلز پارٹی کے عبرت ناک انجام سے سبق سیکھنا چاہیے۔حکمران طاقت میں نشے میں ایسے اقدامات کرنے سے گریز کریں جو مستقبل میںخود ان کے گلے کی ہڈی ثابت ہوں ۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی و بے روزگاری کی وجہ سے لوگ فاقے کرنے پر مجبور ہیں ۔ عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ۔ حکومتی ارکان ٹی وی پروگراموں میں معیشت کی بہتری کے دعوے کرتے اور ڈھٹائی سے جھوٹ بولتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پچاس لاکھ گھر بنانے کا وعدہ کرنے والوں نے صرف لنگر خانے تعمیر کروائے۔حکومتی خسارہ پورا کرنے کے لئے پاکستان کے سب سے بڑے دفاعی اور فلاحی ادارے کو نجکاری کی بھینٹ نہیں چڑھنے دیں گے، مزدوروں کے حقوق کیلئے ہرجگہ آواز اٹھائیں گے، حکومت نے ملازمین کے مطالبات تسلیم نہ کئے تو ملک بھر سے ریل مزدور اسلام آباد کا رخ کر لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ اور سابقہ حکومتوں نے اس ادارے کو اپنے سیاسی مفادات اور فلاحی ادارے کے طور پر استعمال کیا ہے لیکن جس مالی مدد کی ریلوے کو حکومت سے ضرورت تھی ریلوے کو اس سے محروم رکھا گیا۔ ریلوے ،پی آئی اے ،واپڈا کو مزدوروں نے نہیں بلکہ کرپٹ حکومتوں نے تباہ کیا ۔خسارے میں چلنے والے اداروں کو بحا ل کرنا حکومت کا کام ہے ، اگر ادارے خسارے میں ہیں تو اس کا حل یہ نہیں کہ ان کو بیچ دیا جائے ، جھونپڑیوں میں رہنے والوں کو حقوق سے محروم رکھا گیا تو وہ بنگلوں میں رہنے والوں کو بھی چین سے نہیں رہنے دیں گے۔ انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ ازخود نوٹس لے کرریلوے کے حاضر اور ریٹائرڈ ملازمین کی تنخواہوں اور بقایا جات کے مسائل کو فوری حل کروائیں ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ریلوے میںسیاسی بنیادوں پر بھرتی کے بجائے حاضر سروس اور ریٹائرڈ ملازمین کے بچوں کا کوٹہ مقرر کیا جائے۔