پاکستانی طلبہ کے معاملے پر چین سے رابطے میں ہیں‘ دفتر خار جہ

278

اسلام آباد(آن لائن)ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار احمد نے کہا ہے کہ پاکستانی طلبہ کی جلد چین واپسی پر چینی حکام کے ساتھ متواتر گفتگو ہوتی ہے،اسلام آباد اور بیجنگ اس معاملے پر مسلسل رابطے میں ہیں۔کورونا وبا کے باعث وطن آنے والے6ہزار پاکستانی طلبہ کی چین واپسی کے معاملے پر ترجمان دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ چینی حکام غیرملکی طلبہ کی واپسی کے بارے میں پالیسی کا جائزہ لے رہے ہیں، چینی حکام کورونا وبا کی صورتحال دیکھ کر پالیسی پر حتمی فیصلہ کریں گے، پاکستانی طلبہ کے معاملے پر مسلسل چینی حکومت سے رابطے میں ہیں،پاکستانی طلبہ کی چین واپسی کے بارے میں کسی بھی پیشرفت سے جلد آگاہ کیا جائے گا۔ترجمان نے کہا کہ پاکستانی طلبہ کا2برس سے تعلیمی سلسلہ منقطع، کئی برس کی محنت ضائع ہونے کا خدشہ ہے،پاکستان کے 6 ہزار طلبا و طالبات گزشتہ 2سال سے شدید قرب میں مبتلا، چین جانے کے منتظرہیں، چینی پالیسی کے باعث طب، انجینئرنگ، دیگر شعبوں میں ڈاکٹریٹ کے طالبعلم واپس جانے سے قاصر ہیں۔علاوہ ازیں ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار احمد نے بھارت کے انتہاپسند ہندووں کی تنظیم راشٹریہ سوامی سیوک سنگھ( آر ایس ایس ) کے سربراہ موہن بھگوت کے غیرذمے دارانہ اوراشتعال انگیز ریمارکس کی مذمت کرتے ہوئے اسے مکمل طورپر مسترد کردیا ہے ۔ یاد رہے کہ موہن بھگوت نے برصغیرکی تقسم کے عمل کوواپس کرنے کا مطالبہ کیاتھا۔