ن لیگ ویڈیو کے ذریعے اداروں کو بلیک میل کررہی ہے،فواد چوہدری

133

جہلم (صباح نیوز) وزیراطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ ن لیگ وڈیوکے ذریعے اداروں کو بلیک میل کررہی ہے‘مریم اور صفدر اچھی فلمیں بنا لیتے ہیں، وہ یہی کام کریں، سوچی سمجھی سازش کے تحت اس طرح کی لیکس کی جاتی ہیں،سیاست مریم نواز کے بس کی بات نہیں، ای وی ایم سے ن لیگ اور پی پی گھبرا جاتی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پنڈدادنخان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہاکہ ن لیگ لوگوں کو لالچ دیکر الیکشن لڑتی ہے، ووٹ کو ہزار، 2 ہزار میں خریدنا ووٹ کو عزت دینا ہے؟ سیاست مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی بس کی بات نہیں، ای وی ایم سے ن لیگ اور پیپلزپارٹی گھبرا جاتی ہے، ان کا انتخابی طریقہ دھاندلی ہے۔فواد چودھری نے کہاکہ وڈیو اور لیکس کا مقصد بلیک میلنگ ہوتا ہے، وڈیوز پہلے آجاتی ہیں بعد میں پتا چلتا ہے کہ جعلی ہے، ن لیگ اداروں کو بلیک میل کر رہی ہے ،وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک میں عمران خان کے سوا کوئی لیڈرنہیں، ان کے سوا باقی سب بونے ہیں، وزیراعظم کی آواز پورے ملک میں جاتی ہے اور پورے ملک میں ان کا ووٹ بینک ہے، اگلے انتخابات میں بھی عمران خان کاکوئی مقابلہ نہیں کرسکتا۔علاوہ ازیں ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ نواز شریف کا کیس 16 ججوں اور 3 چیف جسٹس صاحبان نے سنا، ایسے میں ایک جج کی آڈیو آنا یا نہ آنا غیر متعلقہ ہے۔وزیر اطلاعات نے کہاکہ نواز شریف اور مریم نواز کو چاہیے کہ آڈیو کو عدالت میں پیش کریں، آڈیو کا تجزیہ کرنا اس جج کا کام ہے جو مریم نواز کا کیس سن رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مریم اور صفدر اتنی اچھی فلمیں بنا لیتے ہیں، وہ یہی کام کریں، سوچی سمجھی سازش کے تحت اس طرح کی لیکس کی جاتی ہیں، ان کا مقصد ہے لوگ اصل سے ہٹ جائیں اور دوسرے سوالوں کی طرف جائیں۔ فواد چودھری نے کہا کہ پاناما پیپرز میں ان کی چار پراپرٹیز آئیں، جب پوچھتے ہیں کہ ذرائع کیا ہیں تو لیک آگئی، جب پوچھتے ہیں رسیدیں دے دیں تو کہتے ہیں جج نے کہا تھا، اس بات پر فوکس ہونا چاہیے کہ مریم نواز کے کیس کا فیصلہ میرٹ پر ہو، نواز شریف اور مریم نواز ریکارڈ کو عدالت میں پیش کریں۔