کشمیر میں مظالم پر بھارت کو عالمی عدالت میں کھڑا کرنا چاہئے،عبدالقیوم نیازی

166

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ عمران خان قائد پاکستان ہیں جن کے جرأت مندانہ اقدامات نے ملک کو بدل کر رکھ دیا ہے‘ عمران خان آزادکشمیر کی تعمیر و ترقی میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں ان کے500 بلین کے ترقیاتی پیکج سے تعمیر وترقی کا انقلاب آئے گا‘اس وقت مقبوضہ کشمیر میں قیامت صغریٰ برپا ہے‘ کوئی گھر ایسا نہیں جہاں شہادت نہ ہوئی ہو‘ بھارت جس بیداردی سے کشمیریوں کو ماورائے عدالت قتل کر رہا ہے‘ انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا رہا ہے‘ اسے عالمی عدالت انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے ان خیالات کا اظہار 2 روزہ دورے پر کراچی پہنچنے کے بعد سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کی رہائش گاہ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ عمران خان نے 3 سو بلین کا پیکیج گلگت بلتستان کو دیا جس سے وہاں ترقی کا نیا دور شروع ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نیانتہائی مشکل حالات میں اقتدار سنبھالا ہے‘ ہمارے لیے بہت مشکل حالات پیدا کیے گئے‘ میرٹ پر نوکریاں فراہم کریں گے‘ مقبوضہ کشمیر میں ہمارے بھائی جس ہمت اور جرأت سے بھارتی مظالم کا سامنا کر رہے ہیں اس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں‘بھارت کے تمام تر ظالمانہ ہتھکنڈوں کے باوجود ان کا جذبہ آزادی سرد نہیں ہوا ہے۔ اس موقع پر حلیم عادل شیخ نے کہا کہ سردار عبدالقیوم نیازی منجھے ہوئے سیاستدان ہیں جن کا خاندان ایک عرصے سے اپنے لوگوں کی خدمت میں مصروف ہے‘ عمران خان نے سردار عبدالقیوم نیازی کی صورت میں کارکن دوست وزیراعظم کا انتخاب کیا جس سے تحریک انصاف کے کارکنوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔