ترقیاتی کاموں کے معیار پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا،وزیراعلیٰ بلوچستان

120

کوئٹہ (آن لائن) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ ترقیاتی کامو ں کے معیار پر کوئی سمجھوتا نہیں کریں گے‘ کوئٹہ میں کم گیس پریشر کے حوالے سے وزیر اعظم نے یقین دہانی کر ائی ہے کہ سریاب روڈ منصوبے کو جلد مکمل کیا جائے گا ‘کوئٹہ میں ایسا ماسٹر پلان لانا چاہتے ہیں کہ جس سے کوئٹہ شہر کا نقشہ ہی بدل جائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ شب کوئٹہ شہر کے بغیر پروٹوکول دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں سست روی کے بجائے کام تیز کیا جائے تاکہ عوام کے مسائل حل ہو ں‘ کوئٹہ مسائلستان بنا ہو ا ہے۔ اس سے قبل وزیر اعلیٰ نے شہر میں صفائی اور ٹریفک کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلیٰ نے سریاب روڈ کی تعمیر جلد ازجلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ نے سرکاری کالج کی زیر تعمیر بلڈینگ پرسیاسی جماعت کے جھنڈوں کا نوٹس لیا۔ انہوں نے کہا کہ سرکار کے فنڈ سے بننے والی عمارتوں پر پاکستان کے جھنڈے لگنے چاہئیں۔ وزیر اعلیٰ نے شیخ زید اسپتال کا اچانک دورہ کیا‘ اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں صرف ایک ڈاکٹر موجود تھا‘ وزیراعلیٰ نے اسپتال انتظامیہ کی لاپر واہی کا سختی سے نو ٹس لیتے ہوئے غفلت بھرتنے پر انتظامیہ کے خلاف کے تحقیقات کا حکم دیا۔