تارکین وطن پہلی بار ملک میں بہتر قیادت چن سکیں گے، پرویز الٰہی

169

لاہور (آن لائن) قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پاکستان میں پہلی بار اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق حاصل ہوا ہے جس کے بعد تارکین وطن پاکستان میں بہتر قیادت کا انتخاب بھی کرسکیں گے، اوورسیز پاکستانی معیشت کی بہتری میں اہم کردار ادا کررہے ہیں اور پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں، یہ بیرون ملک پاکستان کے سفیر ہیں اور پاکستان کی ترقی میں پیش پیش ہیں، پاکستان کے بیشتر فلاحی اداروں میں صحت، تعلیم، روزگارفراہم کرنے میں اپنا مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان مسلم لیگ سعودی عرب کے صدر چودھری اظہر وڑائچ سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا، اس موقع پر چودھری زید بن سرور ایڈووکیٹ اور مہد اظہر وڑائچ بھی موجود تھے۔ پرویز الٰہی نے کہا کہ سعودی عرب میں دوسرے ممالک کی نسبت زیادہ پاکستانی آباد ہیں، انہوں نے چودھری اظہر وڑائچ کو سعودی عرب میں پارٹی کو فعال کرنے کے حوالے سے اہم ذمہ داریاں سونپیں۔ صدر مسلم لیگ سعودی عرب نے کہا کہ پارٹی قیادت کے اعتما د پر پورا اترنے کیلیے دن رات محنت کروں گا۔ بعد ازاں چودھری اظہر وڑائچ کو پارٹی خدمات کے اعتراف میں اعزازی شیلڈ بھی دی گئی۔