افغانستان کو تنہا چھوڑینگے تو مسائل پیدا ہوجائیں گے‘ گورنر پنجاب

153

لاہور (اے پی پی) گور نر پنجاب چودھری محمدسرور نے کہا ہے کہ دنیا افغانستان کو تنہا چھوڑے گی تو وہاں دہشت گردی اورغذائی قلت جیسے مسائل بے قابو ہوجائیں گے ،اسلامو فوبیا کے خاتمے کے لیے امت مسلمہ کو ایک پیج پر آنا ہوگا ،مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے جتنا کام پاکستان میں ہورہا ہے دنیا بھرمیں اس کی مثال نہیں ملتی،پاکستان میں بسنے والی اقلیتوں کی جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنا رہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک اعلامیے میں کیا۔چودھری سرور نے کہا کہ افغانستان میں مستقل حالات خراب ہو رہے ہیں،افغان حکومت کے پاس ملازمین کو تنخواہیں دینے اور اسپتالوں میں ادویات کی فراہمی کے لیے بھی پیسے نہیں ہیں۔ عام آدمی کے لیے زندگی مشکل تر ین ہو رہی ہے، افغانستان میں حالات خراب ہوں گے ، داعش سمیت دیگر دہشت گرد تنظیمیں فعال ہوں گی، دہشت گردی کے اثرات صرف افغانستان یا پاکستان ہی نہیں پورے خطے اور دنیاپر بھی پڑیں گے، اس لیے دنیا کو تمام صورتحال کا فوری نوٹس لینا چاہیے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان پہلے دن سے افغانستان کے مسائل کے حل کے لیے نیک نیتی کے ساتھ کردار ادا کر رہا ہے ،پاکستان میں4ملین سے زائد افغانی موجود ہیں، وقت آچکا ہے کہ دنیا افغانستان میں انسانی زندگیوں کو بچانے کے لیے اپنی ذمے داری پوری کر ے کیونکہ بعد میں پھر دنیا کے پاس پچھتاوے کے سوا کچھ نہیں ہوگا ۔