پاکستان سعودی عرب کے احسانات کا بدلہ نہیں چکاسکتا‘ ساجد میر

146

لاہور (آن لائن) جمعیت اہل حدیث کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کے احسانات کا بدلہ نہیں چکاسکتا، پاکستانی معیشت کو سہارا دینے کے لیے سعودیہ کی 3 ارب ڈالرز کی امداد خوش آئند ہے،سعودی حکومت کا پاکستان سے رشتہ حکومتوں سے زیادہ یہاں کی عوام اور ریاست کے ساتھ ہے، سعودی عرب نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے، افسوس کی بات ہے کہ ناشکرے لوگ اس کے باوجود سعودی عرب پر بلاوجہ تنقید کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ سعودی عرب سے واپسی پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ساجد میر کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے دنیا میں اشیا کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باوجود پاکستان کی مدد کی۔ ریفائنڈ پیٹرولیم مصنوعات کی مد میں1.2 ارب ڈالر کی مالی اعانت کا بھی اعلان کیا ہے۔2018ء میں سعودی عرب نے پاکستان کو زرمبادلہ کے ذخائر کے مستحکم رکھنے کے لیے بھی 3 ارب ڈالر فراہم کیے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ جدہ میں سعودی عرب اسلامی ممالک اور روسی تعلقات کے حوالے سے عالمی کانفرنس میں شرکت کا موقع ملا، سعودی عرب مختلف شعبوں میں روس سے تعاون آگے بڑھ رہے ہیں۔ سعودی عرب مختلف مذاہب اور تہذیبوں کے درمیان بقائے باہم اور انسانی اقدار کو فروغ دے رہا ہے۔سعودی عرب دہشت گردی کے انسداد کے لیے عالمی برادری سے مشترکہ کوششوں کی امید رکھتا ہے۔مسلم ممالک کو درپیش مسائل کے حل کے لیے سعودی عرب کا کردار مثالی ہے۔