کشمیری عوام جلداپنا بنیادی حق حاصل کرلیں گے‘ اسد قیصر

139

میڈرڈ(آئی این پی)اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے جمہوریت کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اجتماعی عالمی کوششوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاپولزم میں عالمی اضافے سے جمہوریت کے بنیادی اصولوں کو نقصان پہنچانے کا خطرہ ہے،وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام جلد اپنا بنیادی حق حاصل کرلیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسپین کے شہر میڈریڈ میں آئی پی یو کی 143ویں کانفرنس کی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ 05 اگست 2019 ء سے قابض فاشسٹ بھارت نے وحشیانہ طاقت کے استعمال کے ذریعے کشمیریوں پر غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کا سلسلہ مسلط کر رکھا ہے، کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنے مستقبل کا تعین کرنے اور اپنے جمہوری حق کے استعمال کے لیے عالمی برادری کو کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔اسپیکر نے کہا کہ یہ کانفرنس ہمارے لیے بہت اہم ہے کیونکہ اس کانفرنس میں عصر حاضر کے چیلنجوں کو زیر بحث لایا ہے، جن میں کورونا جیسی وبائی امراض کی وجہ عالمی معیشتوں پر پڑنے والے اثرات سمیت دیگر مسائل کو زیر غور لایا گیا ہے۔