چٹاگانگ ٹیسٹ ، پاکستان 286 رنز بنا کر آئوٹ ، تیج اسلام کی 7 وکٹیں

269
چٹاگانگ ٹیسٹ کے تیسرے روز بنگلادیشی بولر تیج السلام پاکستان کے خلاف 7ویں وکٹ لینے کے بعد پرجوش نظرآرہے ہیں

 

 

چٹاگانگ (جسارت نیوز)پاکستانی ٹیم چٹاگانگ ٹیسٹ کے تیسرے روز اپنی پہلی اننگز میں 286 رنز بناکر آئوٹ ہو گئی اور اسے 44 رنز خسارے کا سامنا کرنا پڑا۔ عابد علی نے 133 رنز کے دلکش اننگز کھیلی۔ تیج الاسلام نے تباہ کن بائولنگ کا مظاہرہ کیا اور 7 وکٹیں حاصل کیں۔ بنگلہ دیشی ٹیم دوسری اننگز میں مشکلات کا شکار ہو گئی اور اس نے کھیل کے اختتام پر 39 رنز4 وکٹیں گنوا دیں تاہم اسے 83 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہو گئی ہے۔ شاہین شاہ آفریدی نے 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ اتوار کو ظہور احمد چوہدری سٹیڈیم، چٹاگانگ میں جاری ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 145 رنز بغیر کسی نقصان کے دوبارہ شروع کی تو عابد علی 93 اور عبداللہ شفیق 52 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔ عبداللہ شفیق گزشتہ روز کے سکور میں کوئی اضافہ کئے بغیر تیج الاسلام کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ اگلی ہی گیند پر تیج الاسلام نے سنیئر بلے باز اظہر علی کو صفر پر ایل بی ڈبلیو کر کے اپنی ٹیم کو اہم کامیابی دلا دی۔ عابد علی نے ایک اینڈ سے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور کیریئر کی چوتھی سنچری مکمل کی۔ کپتان بابر اعظم بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 10 رنز بنا کر مہدی حسن میراز کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔ 182 کے مجموعی سکور پر پاکستان کو چوتھا نقصان اٹھانا پڑا جب فواد عالم 8 رنز بنانے کے بعد تیج الاسلام کا شکار بن گئے۔ محمد رضوان صرف 5 رنز بنا سکے، انہیں عبادت حسین نے ایل بی ڈبلیو آئوٹ کیا۔ اوپنر عابد علی133 رنز کی دلکش اننگز کھیل کر تیج الاسلام کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہوئے۔ حسن علی 12، ساجد خان 5 اور نعمان علی 8 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ شاہین شاہ آفریدی 13 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ اس طرح پاکستان کی پوری ٹیم 115.4 اوورز میں 286 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی اور اسے 44 رنز خسارے کا سامنا کرنا پڑا۔ تیج الاسلام نے شاندار بائولنگ کا مظاہرہ کیا اور 116 رنز کے عوض 7 وکٹیں حاصل کیں۔ بنگلہ دیشی ٹیم دوسری اننگز میں شاہین شاہ آفریدی کی تباہ کن بائولنگ کے باعث مشکلات کا شکار ہو گئی اور اس نے 39 رنز پر 4 وکٹیں گنوا دیں۔ مشفق الرحیم 12 اور یاسر علی 8 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ شاہین شاہ آفریدی نے 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔