سعودی عرب میں قومی وطن پارٹی کے نویں یوم تاسیس پر تقریب

557

سعودی عرب میں قومی وطن پارٹی کے نویں یوم تاسیس پر دارالحکومت ریاض میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پارٹی عہدیداروں سمیت کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت سے کیا گیا جبکہ نظامت کے فرائض پارٹی رہنما سلطان زیب نے انجام دیتے ہوئے مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ بعد ازاں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قومی وطن پارٹی سعودی عرب کے صدر اقبال ودود کا کہنا تھا کہ پارٹی کی سیاسی جدوجہد کو جاری رکھتے ہوئے حیات خان شیر پاؤ کے مشن کو آگے بڑھائیں گے۔ قومی وطن پارٹی پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہم وطنوں کی مدد کے لیے بھر پور نمائندگی کرتے ہوئے ہر ممکنہ مدد کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ آفتاب احمد شیرپاؤ کی قیادت میں پاکستان میں پختونوں اور پسے ہوئے مزدور طبقے کے حقوق کے لیے آواز بلند ہوتی رہے گی۔اس موقع پر قومی وطن پارٹی کے مرکزی صدر آفتاب احمد شیرپاؤ نے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تاریخ کے نازک ترین دور سے گزر رہا ہے موجودہ حکومت عوام کو ریلیف دینے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔ قومی وطن پارٹی جمہوریت کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔انہوں نے تقریب کے انعقاد پر اقبال ودود سمیت پارٹی کے تمام عہدیداروں اور کارکنوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پارٹی کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا تقریب سے سلطان زیب، اکبر بادشاہ، ودان خان، انور زیب، سکندر وردگ خان، شیر ولی، سید باچا اور دیگر نے بھی خطاب کرتے ہوئے اپنے قائدین کو خراج تحسین پیش کیا۔آخر میں اعلیٰ کارکردگی کے حامل افراد کو اعزازی شیلڈوں سے بھی نوازا گیا اور ملک و قوم کے لیے دعا کی گئی۔