کارکنان بلدیاتی انتخابات کی تیاری شروع کریں‘فنکشنل لیگ

243

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے جنرل سیکرٹری سردار عبدالرحیم نے کہا ہے کہ سورھیہ بادشاہ نے قیام پاکستان کے لیے خود بڑی سختیاں برداشت کیں اور انگریز سامراج کے آگے جھکنے کے بجائے شہادت کو ترجیح دی۔ کراچی سمیت سندھ بھر کے کارکنان بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کے لیے اپنی بھرپور تیاریاں شروع کر دیں ۔یہ بات انہوں نے ڈسٹرکٹ ملیر کے پی ایس 88 گوٹھ بلاول جوکھیو میں پیپلزپارٹی ، پی ٹی آئی اور دیگر جماعتوں کے کارکنان کی فنکشنل لیگ میں شامل ہونے کے لیے منعقدہ عوامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ سردار عبدالرحیم نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے 13 سال سے زائد اقتدار میں رہ کر عوام اور سرکاری خزانے کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا ہے۔ ترقیاتی کاموں ، بے روزگار نوجوانوں کو روزگار دینے ، مہنگائی پر کنٹرول کرنے میں سندھ حکومت کوئی دلچسپی نہیں رکھتی۔ انہوں نے کہا کہ ہم اقتدار میں آکر پیر صاحب پگارا کی قیادت میں رہ کر کراچی کے عوام کی خدمت کرتے ہوئے یہاں پیدا ہونے والے مسائل کو حل کرکے عوام میں خوشحالی لائیں گے۔ سردار عبدالرحیم نے اپنی تقریر کے دوران واضح کیا کہ فنکشنل لیگ میں جرائم پیشہ افراد ، بھتا خوروں‘ منشیات فروشوں اورقبضہ مافیا کی کوئی گنجائش نہیں۔