اسرائیل غاصب صہیونیوں کی جعلی ریاست ہے‘فلسطین فائونڈیشن

273

کراچی (اسٹاف رپورٹر)فلسطین فائونڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام یوم یکجہتی فلسطین کی مناسبت سے اتوار کے روز یکجہتی فلسطین سائیکل ریلی کا انعقادنرسری شارع فیصل سے کراچی پریس کلب تک کیا گیا۔ سائیکل ریلی میں سیکڑوں نوجوانوں سمیت سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔ شرکائے ریلی سے پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی سیف الرحمان محسود، رکن سندھ اسمبلی بلال عبد الغفار، سابق رکن قومی اسمبلی فاروق ستار، محفوظ یار خان، قمر عباس، اسرار عباسی، یونس بونیری‘مولانا عمر صادق، ‘پیر اظہر علی ہمدانی‘ اعوان قادری، بشیر سدوزئی‘ ڈاکٹر صابر ابو مریم سمیت پروگرام کوآرڈی نیٹر قاسم رضا‘ علوینہ شاہین اور سلمان خان نے شرکت کی۔شرکائے یکجہتی فلسطین سائیکل ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کاکہنا تھا کہ فلسطین فلسطینیوں کا وطن ہے، اسرائیل غاصب صہیونیوں کی جعلی ریاست ہے۔اسرائیل نامنظور اور مردہ باد ہے، فلسطین زندہ بادتھا ، ہے اور رہے گا۔ انہوںنے مزید کہا کہ وہ وقت دور نہیں کہ جب قبلہ اول بیت المقدس آزاد ہو گا اور صہیونیوں کی غاصب اور جعلی ریاست اسرائیل کا وجود دنیا کے نقشہ سے مٹ جائے گا۔ رہنمائوں کاکہنا تھا کہ فلسطین کا زکی حمایت انسانیت کی حمایت ہے اور اسرائیل کا وجود اقوام متحدہ کے منہ پر طمانچہ ہے۔