موجودہ دور میں سوشل میڈیا سرگرم ابلاغی محاذ بن چکا، ندیمہ تسنیم

192

کراچی (اسٹاف رپورٹر) موجودہ دور میں سوشل میڈیا سرگرم ابلاغی محاذ بن چکا ہے۔ یہ بات جماعت اسلامی ضلع شرقی کی ناظمہ ندیمہ تسنیم نے ضلع شرقی کے مختلف علاقوں مسجد اقصیٰ، بیت المکرم ، علاقہ ارقم ، گلشن کینٹ ، فیصل کینٹ ، صفورا ، علاقہ مسجد بلال و جامعات میں کارکنان کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ندیمہ تسنیم نے کہا کہ خیر کی طاقت کو فروغ دینا اللہ نے ہمارا نصیب بنایا ہے۔ ہر کارکن اس کام کے لیے زیادہ سے زیادہ کوشش کرے۔ دنیا کی طرف بے رغبتی جتنی ہوگی اتنی ہی برکتیں ہوں گی اور ہم یکسو ہو کر ہر طرف کام کر سکیں گے۔انبیاء کرام ؑ ہمیشہ دستیاب جدید وسائل استعمال کرتے ہوئے تبلیغ دین کا فریضہ انجام دیا کرتے تھے۔ نائب ناظمہ فرحانہ مظہر نے اپنی گفتگو میں کہا کہ وقت کے ان تمام محاذوں سے آنکھیں بند کرنا خود کو چڑھتے سورج کے حوالے کرنا ہے۔ یہ عقلمندی نہیں کہلائی جاسکتی۔ سوشل میڈیا پر اپنی دعوت اور نظریات کو شائستگی اور حکمت کے ساتھ زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کا اہم ذریعہ جدید سوشل ایپس ہیں۔