ثاقب نثار آڈیو جن کے کیسز سے متعلق ہے انہوں نے عدالت آنے میں دلچسپی نہیں لی، اسلام آباد ہائیکورٹ

319

اسلام آباد: ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کا کہنا ہے کہ ثاقب نثار کی لیک آڈیو ایک زیر التوا اپیلوں والے کیس سے متعلق ہے، جن کے کیس سے متعلق ہے انہوں نے عدالت آنے میں دلچسپی نہیں لی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیف جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں سابق چیف جسٹس ثاقب نثارکی مبینہ آڈیوٹیپ کی تحقیقات کےلیےکمیشن بنانے کی درخواست پر سماعت سماعت ہوئی۔ درخواست صدر سندھ ہائیکورٹ بار صلاح الدین احمد اور جوڈیشل کمیشن کے ممبر سید حیدر امام رضوی نے دائر کی ہے۔

درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ عدلیہ پر الزامات کی تحقیقات کے لیے کمیشن تشکیل دیا جائے، عدلیہ کی آزادی کے تحفظ کے لیے آڈیو جعلی ہے یا اصلی ہے تعین کرنا ضروری ہے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے درخواست گزار سے استفسار کیا کہ بتائیں یہ پٹیشن قابل سماعت کیسے ہے؟ کس کے خلاف رٹ دائر کی گئی؟ آپ کی درخواست حاضرسروس چیف جسٹس کےآڈیوکلپ سے متعلق ہے۔ عدالتی استفسار پر درخواست گزار نے کہا کہ درخواست موجودہ چیف جسٹس نہیں بلکہ سابق چیف جسٹس سے متعلق ہے۔

عدالتی استفسار پر درخواست گزار نے کہا کہ درخواست موجودہ چیف جسٹس نہیں بلکہ سابق چیف جسٹس پاکستان کے آڈیو کلپ سے متعلق ہے۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ جوڈیشل ایکٹیوازم کے باعث پہلے ہی عدلیہ کو بہت نقصان ہوچکا، چیف جسٹس پاکستان کی آڈیو ٹیپس ریکارڈ کرنے کی صلاحیت کس کے پاس ہے؟ کیا انہوں نے یہ ریلیز کی یا کسی امریکا میں بیٹھے ہوئے نے؟ فرض کریں آڈیو درست بھی ہے تو اصل کلپ کہاں کس کے پاس ہے؟۔

جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی کس کس چیز پر آپ انکوائری کریں گے، ایسے معاشرے میں رہ رہے ہیں جہاں سوشل میڈیا کسی ریگولیشن کے بغیر ہے،  روزکچھ نہ کچھ چل رہا ہوتا ہے، آپ کس کس بات کی انکوائری کرائیں گے؟ میرے متعلق کہا جاتا ہے کہ کوئی فلیٹ لے لیا، کیا اس کی انکوائری کرنے بیٹھ جائیں گے؟۔

جسٹس اطہر من اللہ کا کہنا تھا کہ جن کے کیسز سے متعلق ٹیپ ہے انہوں نے معاملہ عدالت لانے میں دلچسپی نہیں دکھائی، مختلف سیاسی قوتیں مختلف بیانیے بناتی ہیں مگر عدالت نہیں آتیں، جب وہ عدالت نہیں آتے تو کورٹ کو یہ بھی دیکھنا ہے نیت کیا ہے، آڈیو ٹیپ کس نے ریلیز کی اور کسے ریلیز کی؟ کیا ہم ان کے ہاتھ میں کھیلیں جنہوں نے یہ کیا؟۔

وکیل صلاح الدین نے کہا کہ جو اصل متاثرہ فریق ہیں وہ سامنے نہیں آتے یہی مسئلہ ہے۔

چیف جسٹس ہائکورٹ نے کہا کہ ہم پہلےاٹارنی جنرل کو پری ایڈمشن نوٹس جاری کریں گے اور اس درخواست کے قابل سماعت ہونے پر بات کریں گے، عدالت نے صرف قانون کے مطابق حقائق کو دیکھنا ہے۔

بعد ازاں ہائیکورٹ نے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر اٹارنی جنرل سے معاونت لینے کا فیصلہ کرتے ہوئے کیس میں پری ایڈمیشن نوٹس جاری کرکے آٹھ دسمبر کو جواب طلب کر لیا۔