اقوام متحدہ کشمیری سیاسی قیدیوں کی حالت زار کا نوٹس لے، کل جماعتی حریت کانفرنس

576

سرینگر:غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس سمیت حریت رہنماؤں اور تنظیموں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت اور مقبوضہ علاقے کی گنجان جیلوں کی کال کوٹھریوں میں نظر بند کشمیری سیاسی قیدیوں کی حالت زار کا نوٹس لے۔

 

 کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت رہنماؤں اور تنظیموں نے عالمی ادارے پر زور دیا کہ وہ علاقائی اور عالمی امن اور خوشحالی کے وسیع تر مفادمیں تنازعہ کشمیر کو حل کرے۔

حریت ترجمان نے کہا کہ گنجائش سے زیادہ قیدیوں کی موجودگی اور جیل مینوئل کے مطابق بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کی وجہ سے نظربندکشمیری متعدد امراض کا شکار ہوچکے ہیں۔

ترجمان نے کہاکہ فسطائی بھارتی حکومت کشمیر پر آزادی کے بیانیے کو تبدیل کرنے کے اپنے دیرینہ خواب کو پورا کرنے کے لیے اس طرح کی جابرانہ پالیسیوں پر عمل پیرا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ایک بڑی جمہوریت ہونے کے دعویدار بھارت نے جموں و کشمیر کو فوجی چھاؤنی میں تبدیل کررکھا ہے۔

دریں اثناءبھارتی پیرا ملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس نے وادی کشمیر میں اپنے اہلکاروں کے لیے کیمپ اور رہائش کے لیے مزید ارضی کا مطالبہ کیا ہے۔ سی آر پی ایف نے بھارتی وزارت داخلہ کو لکھے گئے خط میں حال ہی میں الاٹ کی گئی 65.5 ایکڑ زمین کی منتقلی میں تیزی لانے کا بھی مطالبہ کیا۔