نیا بلدیاتی نظام پیپلز پارٹی کی بدترین سازش ہے، سربراہ پی ایس پی

493

کراچی: پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ سندھ کا نیا بلدیاتی نظام اور سیاست ایک ساتھ نہیں چلے گی،نیا بلدیاتی نظام پیپلز پارٹی کی اہل کراچی کی نسل کشی کی بدترین سازش ہے،نئے بلدیاتی نظام کو پی ایس پی مسترد کرتی ہے اور ہر سطح پر اسکے خلاف شدید مزاحمت کرے گی۔

چیئرمین پی ایس پی نے کہا کہ  نیا بلدیاتی نظام جمہوری تاریخ پر بدنما داغ ہے جس سے سندھ میں شدید بے چینی اور کراچی میں بدامنی پھیلنے کا خدشہ ہے۔

 انہوں نے مزید کہا کہ سندھ اور اسکا دارلخلافہ کراچی پیپلز پارٹی کی جمہوری دہشتگردی کا شکار ہے۔ بلدیاتی حکومتوں کا قانون جس بھونڈے طریقے سے منظور کروایا گیا ہے وہ دنیا کی جمہوری تاریخ پر ایک بدنما دھبہ ہے۔

مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ  آمدنی پیدا کرنے والے جن تمام والے اداروں کو کے ایم سی نے بنایا تھا ان سب کو سندھ حکومت نے اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔ اس عمل سے کراچی کے شہریوں پر شب خون مارا گیا ہے۔ پاک سرزمین پارٹی آج کی تاریخ سے پیپلز پارٹی کی بدکردار تعصب زدہ حکومت کے خلاف اعلان جہاد کرتی ہے۔