نیب کے خلاف ایک منظم پروپیگنڈا کیا جارہاہے،  چیئرمین نیب

261

اسلام آباد (آن لائن) قومی احتساب بیور وکے چیئرمین جسٹس(ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب نے ٹھوس دستاویزی شواہد اور گواہوں کے بیانات کی روشنی میں قانون کے مطابق ریفرنسز معزز احتساب عدالتوں میں دائر کررکھے ہیں، جن کی موثر پیروی کی وجہ سے نیب کے خلاف ایک منظم اور مربوط پروپیگنڈا مہم جاری ہے۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب کےگزشتہ 4 سال میں 1194 ملزمان کو معززاحتساب عدالتوں نے آئین،قانون اور نیب کی طرف سے جمع کروائے گئے ناقابل تردیدشواہدثبوتوں کی بنیاد پر سزائیں سنائی ہیں،وہ اس بات کا ثبوت ہیں کہ نیب پر تنقید سے نیب افسران کے حوصلے پست نہیں کئے جاسکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ نیب مزید موثر انداز سے قانون کے مطابق ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کیلئے اپنا کلیدی کردار جاری رکھے گا، نیب کا تعلق کسی سیاسی جماعت،گروہ اور فرد سے نہیں بلکہ ریاست پاکستان سے ہے،نیب افسران ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کو اپنا قومی فریضہ سمجھتے ہیں۔

نیب چئیرمین نے کہاکہ نیب نے گزشتہ چار سال میں بڑی مچھلیوں کو نہ صرف بلایا بلکہ ان سے ملک کی لوٹی گئی رقوم کا بھی پوچھا،جن کو ماضی میں بلانا بھی محال تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جو کرے گا وہ بھرے گا،نیب جب ان عناصر کو ملک کی لوٹی دولت کا حساب یا منی ٹریل دینے کا کہتا ہے تووہ حساب /منی ٹریل دینے کی بجائے کہتے ہیں کہ ہمارے خلاف انتقامی کارروائی ہورہی ہے مگر قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔