مسائل سے چھٹکارا پانے کیلیے جماعت اسلامی کو اقتدار میں لانا ہوگا، رخشندہ منیب

417

سانگھڑ: حلقہ خواتین جماعت اسلامی صوبہ سندھ کی ناظمہ رخشندہ منیب کا کہنا ہے کہ  ملک کو مسائل کے دلدل سے صرف دیانتدار قیادت ہی نکال سکتی ہے، ملک کی معاشی صورتحال، مہنگائی و بیروزگاری نے غریب آدمی سے جینے کا حق چھین لیا ہے۔

جامعتہ المحصنات میں منعقدہ تربیت گاہ برائے ارکان و امید واران سے خطاب  کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے نظریاتی تشخص کو بچانے کے لیے جماعت اسلامی کو اقتدار میں لانا ہوگا یہ واحد عالمگیر جماعت ہے جس کے پاس امانت دار اور با صلاحیت قیادت موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک بد ترین معاشی حالات کا شکار ہے ایک طرف مہنگائی نے لوگوں کے لیے زندگی مشکل بنا دی ہے دوسری طرف حکومت اپنی من مانی سے قانون سازی کر رہی ہے۔

انہوں نے ناظمات پر زور دیا کہ وہ بلدیاتی الیکشن کے لیے تیاری کا آغاز اور عوام کو اسلامی نظام کی برکات اور امانت دار حکمران کی ضرورت کی اہمیت سے آگاہ کریں۔ نائب ناظمہ صوبہ سندھ عائشہ ودود نے رپورٹ سسٹم کی ضرورت و اہمیت بتاتے ہوئے کہا کہ کاموں میں جمود و توازن برقرار رکھنے کیلئے رپورٹ سسٹم نا گزیر ہے۔

 انہوں نے مزید کہا کہ باقاعدگی سے رپورٹ دینا آئندہ کی منصوبہ بندی اور رفتار کار کے جائزے میں معاون ثابت ہو تی ہے۔

نائب ناظمہ صوبہ سندھ عظمی عمران نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ زمین اللہ کی ہے تو نظام بھی اللہ کا ہونا چاہیے اور یہی نظام انسان کی حقیقی فلاح و بہبود اور خوش حالی کا ضامن ہے۔انبیا کرام کی بعثت کا مقصد بھی اسی نظام کا نفاذ تھا اور اب بحثیت امت محمد ی یہ ذمہ داری ہم پر عائد ہوتی ہے۔ اس موقع پر نائب ناظمہ صوبہ سندھ عظمی اظھار ،شگفتہ ابراھیم اور انوری بیگم بھی موجود تھیں۔