اسلامی جمعیت طلبہ روشن مستقبل کی نوید ہے، محمد حسین محنتی

587

کراچی: امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ دنیا کے کامیاب ترین انسان نبی آخر الزماں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم تھے، دنیا و آخرت کی کامیابی کے لیے وہی ہمارے لیے رول ماڈل ہیں۔

اسلامی جمعیت طلبہ کے تحت منعقدہ ٹیلنٹ ایوارڈ تقریب سے خطاب  کرتے ہوئے محمد حسین محنتی نے کہا کہ ٹیلنٹ اللہ کی نعمت ہے،انسان اپنے آپ کو پہچانے اصل کامیابی آخرت کی کامیابی ہے۔

محمد حسین محنتی نے پوزیشن ہولڈرز طلباء کو مخاطب ہوتے کہاکہ یہ آپ کی محنت کا صلہ نہیں بلکہ اعتراف ہے، تعلیم انسان کو انسان اور اس کے مسقبل کو سنوارتی ہے۔ اس کے عقل و شعور اور فراست میں اضافہ ہوتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم سے انسان کی فکر اور دنیا و آخرت بنتی ہے۔ مال و دولت نہیں بلکہ تعلیم سب سے بڑی نعمت ہے۔ دنیا محنت کا ثمر ہے محنت سے ہی جنت و جہنم ملتی ہے۔ محنت کو اپنا نصب العین بنائیں گے تو کامیابی آپ کے قدم چومے گی۔ صوبائی امیر نے ٹیلنٹ ایوارڈ کے انعقاد کے ذریعے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی اور آگے بڑھنے کا جذبہ ابھارنے پر جمعیت کی تحسین کرتے ہوئے کہاکہ جمعیت روشن مستقبل کی نوید ہے۔